بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’’ردالفتنہ تھری‘‘ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، ضلع مستونگ میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 15 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے خلاف دو بڑی کارروائیاں کیں، جن میں مجموعی طور پر 15 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میجر عمر شہید کی شہادت کے بعد کی جانے والی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں دوسری کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔