13 سالہ اقتدار اور تعلیمی انقلاب کے دعووں کی قلعی کھل گئی! خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں 1,916 اساتذہ کی غیر حاضر، تادیبی کارروائی کا فیصلہ

13 سالہ اقتدار اور تعلیمی انقلاب کے دعووں کی قلعی کھل گئی! خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں 1,916 اساتذہ کی غیر حاضر، تادیبی کارروائی کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع میں ایک ہزار 916 اساتذہ کی غیر حاضری سامنے آنے پر محکمہ تعلیم نے کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (ڈی ای اوز) کو غیر حاضر اساتذہ سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کر دی۔

پشاور سے جاری مراسلے کے مطابق مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کی جانب سے تسلی بخش وضاحت نہ دینے کی صورت میں ان کے خلاف متعلقہ قواعد کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی غیر حاضری سے طلبہ کی تعلیم اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں ایک ہزار 42 خواتین اور 874 مرد شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان 419 غیر حاضر اساتذہ کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بنوں میں 348 اور جنوبی وزیرستان اپر میں 243 اساتذہ کی غیر حاضری ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 204، لکی مروت میں 150، کرم میں 130 اور خیبر میں 114 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ کی غیر حاضری سامنے آئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر حاضر اساتذہ میں سب سے زیادہ 620 پرائمری اسکول ٹیچرز شامل ہیں، جبکہ 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز بھی غیر حاضر پائے گئے۔

سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن برائے مخصوص اضلاع ڈاکٹر قاسم نے اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔

متعلقہ ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر حاضر اساتذہ سے مقررہ مدت کے اندر وضاحت حاصل کی جائے اور تسلی بخش جواب نہ دینے والوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے۔

Related Articles