شہرِ قائد میں بنیادی سہولیات کے فقدان، ٹوٹی سڑکوں، کچرے کے ڈھیروں، لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کررکھا ہے اور ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور شہری نئے صوبوں کے قیام کا مظالبہ کرتے نظر آتے ہیں ۔
آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کراچی کے مقامی شہری نے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر گہری مایوسی اور غصے کا اظہار کیا ہے ، شہری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 18 سال سے زائد عرصے میں عوام کو سہولیات کے بجائے صرف سڑکوں پر گڑھے اور گندگی ملی ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نظام میں شامل افراد غریب عوام کا استحصال کر رہے ہیں اور چور بازاری عروج پر ہے ، بجلی اور پانی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے شہری نے بتایا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں پانی تک نہیں آ رہا، جبکہ بچے شدید پریشانی کا شکار ہیں ، رات کے اوقات میں حالات اس قدر خراب ہو جاتے ہیں کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی جنگل میں رہ رہے ہوں۔
شہری کا کہنا تھا کہ اگر پیرس دیکھنا ہو تو بلاول ہاؤس جا کر دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ موئن جو داڑو کی جھلک شہر کے عام علاقوں میں نظر آتی ہے، عوامی نمائندے شہر میں موجود ہونے کے بجائے اسلام آباد میں بیٹھے رہتے ہیں اور شہریوں کی شکایات سننے والا کوئی نہیں۔
جب تک نئے صوبے نہیں بنیں گے کام کیسے ہو گا؟ خاتون شہری کی دہائی
ایک اور مقامی خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ، خاتون شہری کا کہنا تھا کہ کراچی میں بہت زیادہ پریشانی ہے، اگر صفائی کے لیے ہفتے میں صرف ایک بار آیا جائے گا تو شہر کی صفائی کیسے ممکن ہو سکتی ہے؟ انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومتی کارکردگی سے کوئی خوش نہیں ہے، جگہ جگہ گڈھے کھود کر شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی گئی ہیں، جبکہ بجلی چار چار دن بعد آتی ہے۔
نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق سوال پر شہری نے کہا کہ صوبے ضرور بننے چاہئیں، کیونکہ جب تک نئے صوبے نہیں بنیں گے کام کیسے ہو گا؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بات کوئی نہیں سنتا اور شہر میں کوئی کام نہیں ہو رہا، سب بے فضول ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کی تشکیل عمل میں آئے تو کم از کم عوام کو جوابدہی کا موقع مل سکے گا اور بنیادی مسائل حل ہونے کی امید پیدا ہوگی ، نئے لوگ جو سب کے ساتھ تعاون کریں اور حقیقی معنوں میں کام کریں، ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کسی بھی معاملے پر کام ہوتا نظر نہیں آ رہا اور غریب عوام کی کوئی قدر ہی نہیں ہے۔