جے یو آئی (ف) کو دینی مدارس اور طلبہ کو ذاتی مفادات، سیاسی مقاصد کے لیے ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، جید علما کرام

جے یو آئی (ف) کو دینی مدارس اور طلبہ کو ذاتی مفادات، سیاسی مقاصد کے لیے ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، جید علما کرام

بلوچستان کے مدارس کے مہتممین اور جید علمائے کرام نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ دینی مدارس اور ان کے طلبہ کو سیاسی مقاصد یا ریاستی اداروں کے خلاف استعمال کرنا شرعاً ممنوع ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت بالخصوص جمعیت علمائے اسلام (ف) کو ذاتی مفادات کے لیے مدارس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ہفتہ کے روز بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ مہر اللہ اور ڈاکٹر علاؤ الدین سارنگ نے کہا کہ دینی مدارس کی ایک آزاد اور غیر جانبدار حیثیت ہے اور ان میں طلبہ کی انفرادی سیاسی وابستگی مختلف ہو سکتی ہے تاہم بحیثیت ادارہ مدارس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شریعت میں ممنوع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اقتدار کے ہر دسترخوان پر حاضری اور احتساب پر دہائی، فضل الرحمان کی مفاد پرستانہ سیاست کا تضاد بے نقاب

انہوں نے کہا کہ جس دینی مقصد کے لیے والدین بچوں کو مدارس میں بھیجتے ہیں اگر ہم اسی مقصد کے خلاف بچوں کو استعمال کریں تو یہ دین کے منافی ہے۔

حافظ مہر اللہ کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے، دینی مدارس بھی ہمارے ہیں اور ریاستی ادارے بھی ہمارے ہیں، اس لیے ہم یہ قطعاً نہیں چاہتے کہ ہمارے مدارس کے بچوں کا ٹکراؤ ہمارے اپنے اداروں کے خلاف کروایا جائے۔

طلبہ کو سیاسی ایندھن بنانے پر کڑی تنقید

حافظ مہر اللہ نے کہا کہ دینی مدارس خالصتاً دینی مراکز ہیں جہاں صرف دین اور اخلاقیات کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سیاست کرتا ہے تو ضرور کرے، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن اعتراض اس بات پر ہے کہ ہمارے بچوں کو ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہ کیا جائے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کون سا دین ہے کہ آپ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے معصوم بچوں کو استعمال کریں اور جب آپ کے مقاصد پورے ہو جائیں تو انہیں بے یار و مدد گار چھوڑ دیں؟

انہوں نے تمام مدارس کے علما سے اپیل کی کہ وہ اپنے طلبہ کو کسی کے سیاسی مقاصد کا ایندھن نہ بننے دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق المدارس ہمارا ہے اور ہم ذاتی مفاد، جو صرف ایک گھر تک محدود ہو، کے لیے کوئی تصادم نہیں چاہتے کیونکہ گزشتہ 20 سال سے یہ کھیل جاری ہے۔

ڈاکٹر علاؤ الدین سارنگ نے واضح کیا کہ آج کا بنیادی ایجنڈا موجودہ ملکی صورتحال میں دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کا تحفظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر دیکھا جا رہا ہے کہ ایک مخصوص جماعت یعنی جے یو آئی (ف) دینی مدارس کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:دوسروں کے لیے احتساب کا پھندا، اپنے گوشواروں میں اثاثوں کا گورکھ دھندا، فضل الرحمان پہلے اپنا حساب دیں، سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے

علما نے انکشاف کیا کہ دینی مدارس کے طلبہ کی اکثریت معاشرے کے غریب طبقے سے تعلق رکھتی ہے، لیکن جب صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی یا سینیٹ کے الیکشن میں ٹکٹ دینے کا وقت آتا ہے تو ٹکٹ سرمایہ دار طبقے کو عطا کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے علما، مفتیان کرام اور حفاظ کرام غریب ہونے کے باوجود جدوجہد کرتے ہیں اور احتجاج کی فرنٹ لائن میں بھی یہی ہوتے ہیں، مگر آخر میں جب نمائندگی کی بات آتی ہے تو انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے موجودہ صوبائی اسمبلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بلوچستان اسمبلی میں جے یو آئی (ف) کے پلیٹ فارم سے ایک بھی عالم دین یا حافظ قرآن موجود نہیں ہے، بلکہ اگر کوئی منتخب ہوا ہے تو وہ معتبر، سردار یا نواب ہے۔

علما نے افسوس کا اظہار کیا کہ اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے دینی مدارس کے بچوں کو ورغلا کر احتجاج کے ذریعے سڑکیں بند کرائی جاتی ہیں اور انہیں حکومتی اداروں کے سامنے لا کھڑا کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی غیر ضروری عمل ہے۔

ڈاکٹر علاؤ الدین سارنگ نے اعادہ کیا کہ مدارس کا تقدس، علمی وقار اور غیر جانبدار تشخص برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دینی مدارس کسی سیاسی جماعت یا گروہ کی جاگیر نہیں ہیں اور ان کے پلیٹ فارم کو ریاستی اداروں یا کسی بھی دوسرے فریق کے خلاف سیاسی احتجاج، سڑکوں کی بندش یا اشتعال انگیزی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کیونکہ مدارس کا بنیادی کردار تعلیمی تربیت، اصلاح اور اجتماع امت ہے نہ کہ سیاسی کشمکش اور طاقت کے اظہار کی صف بندی۔

یہ بھی پڑھیں:ریاست اور اداروں کیخلاف بیانات ، فضل الرحمان کے خلاف معاملات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

واضح رہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دینی مدارس کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جن کا طلبہ و اساتذہ پر مشتمل نیٹ ورک روایتی طور پر مذہبی سیاسی جماعتوں کی عوامی قوت کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں مدارس کے اندر سے یہ آوازیں زور پکڑنے لگی ہیں کہ تعلیمی اداروں کو انتخابی و احتجاجی سیاست سے الگ رکھا جائے۔

کوئٹہ کے جید علما کی یہ پریس کانفرنس دراصل دینی حلقوں کے اندر پائی جانے والی اس بے چینی کی عکاسی کرتی ہے جو طویل عرصے سے سیاسی جماعتوں کے طرز عمل پر محسوس کی جا رہی تھی۔

جب دینی مدارس کے طلبہ اور علما کو سڑکوں پر احتجاج اور ریاستی اداروں کے سامنے صف آرا ہونے کے لیے استعمال کیا جائے، مگر پارلیمانی نمائندگی اور پالیسی سازی کے ایوانوں میں انہیں نظر انداز کر کے بااثر اور سرمایہ دار طبقات کو ترجیح دی جائے، تو اس سے داخلی سطح پر سوالات جنم لینا فطری امر ہے۔

مدارس کی خودمختاری اور غیر سیاسی تشخص کی بحالی کا یہ مطالبہ نہ صرف طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ خطے میں سیاسی و سماجی استحکام کے لیے بھی دور رس اثرات رکھتا ہے۔

Related Articles