نئے صوبوں کی مخالفت، محروم علاقوں کو اختیار دینے سے خوف کیوں؟ بلاول بھٹو اور فضل الرحمٰن کے بیانیے پر سوالات اٹھنے لگے

نئے صوبوں کی مخالفت، محروم علاقوں کو اختیار دینے سے خوف کیوں؟ بلاول بھٹو اور فضل الرحمٰن کے بیانیے پر سوالات اٹھنے لگے

پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور پیچیدہ ہوتے انتظامی مسائل کے تناظر میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام اس وقت ملکی سیاست کا اہم موضوع بن چکی ہے ، نئے انتظامی یونٹس کو بہتر گورننس اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی ضرورت قرار دیا جارہا ہے ۔

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے اس عمل کی مخالفت کی جارہی ہے اور  صوبائی وحدت برقرار رکھنے کا مؤقف سامنے آیا ہے اس صورتحال نے اس بنیادی سوال کو جنم دیا ہے کہ آیا عوامی مطالبات کو ان کے اصل تناظر میں دیکھا جا رہا ہے یا انہیں محض صوبائی تقسیم کے خدشات سے جوڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

 نئے انتظامی یونٹس کے حامی حلقوں اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عوامی مطالبہ کسی موجودہ صوبے کی جغرافیائی حدود ختم کرنے یا اس کی تاریخی و ثقافتی شناخت مٹانے کا نہیں ہے۔ ان کے مطابق اصل مطالبہ انہی موجودہ صوبائی حدود کے اندر مزید انتظامی صوبوں کا قیام ہے تاکہ اقتدار، انتظامی اختیارات اور حکومتی وسائل چند ہاتھوں میں مرتکز رہنے کے بجائے وسیع تر سطح پر تقسیم ہو سکیں۔

انتظامی اصلاحات بمقابلہ صوبائی تقسیم کا بیانیہ

نئے صوبوں کا مطالبہ کرنے والے حلقوں اور سیاسی مبصرین کا مؤقف ہے کہ عوامی سطح پر اٹھنے والی آوازیں کسی موجودہ صوبے کی جغرافیائی حدود ختم کرنے یا اس کی تاریخی و ثقافتی شناخت مٹانے کے لیے نہیں ہیں۔

اس کے برعکس، اس مطالبے کا اصل مقصد موجودہ صوبائی حدود کے اندر رہتے ہوئے مزید انتظامی یونٹس قائم کرنا ہے تاکہ ملک کے وسیع رقبے اور بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر اختیارات، انتظامی سہولیات اور حکومتی وسائل چند مراکز میں مرتکز رہنے کے بجائے نچلی سطح تک منتقل ہو سکیں۔ اس کا بنیادی ہدف دور دراز علاقوں کے شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سرکاری خدمات کی دہلیز پر فراہمی یقینی بنانا ہے۔

تاہم، سیاسی تجزیہ کار اس بات پر تنقید کرتے ہیں  کہ پی پی پی اور جے یو آئی (ف) کی قیادت ان بنیادی انتظامی سوالات کا جواب دینے کے بجائے اس معاملے کو صوبوں کی “تقسیم” اور “توڑ پھوڑ” کا نام دے کر جذباتی رنگ دے رہی ہے،  نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث کو دانستہ طور پر موجودہ صوبوں کی جغرافیائی تبدیلی کے خدشات کے ساتھ نتھی کرنا ایک گمراہ کن حکمتِ عملی ہے، کیونکہ انتظامی یونٹس میں اضافہ اور کسی صوبے کی شناخت کو ختم کرنا دو الگ آئینی و انتظامی معاملات ہیں۔

ناقدین کا یہ بھی خیال ہے کہ صوبائی خودمختاری کی آڑ میں دراصل اختیارات اور بجٹ کو چند سیاسی مراکز یا خاندانوں تک محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے اقتدار مقامی سطح پر منتقل ہو جائے گا۔

دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت اس معاملے کو آئینی و تاریخی وحدت اور وفاقی نظام کے استحکام کے زاویے سے دیکھتی ہے ،  پی پی پی قیادت اور بلاول بھٹو زرداری کا دوٹوک مؤقف ہے کہ سندھ کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی حیثیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور صوبوں کی تقسیم یا اس پر ریفرنڈم کی کسی بھی کوشش سے وفاقی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جس سے امن و امان کے مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔

متبادل نظام اور عملی اقدامات پر اٹھتے سوالات

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو نئے صوبوں کی تجویز سے اختلاف کرنے کا پورا حق حاصل ہے، لیکن یہ اختلاف حقائق اور انتظامی دلائل پر مبنی ہونا چاہیے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سندھ کی شناخت کے تحفظ کو ملک بھر میں انتظامی اصلاحات کی مخالفت کے لیے استعمال کرنا ایک غیر متعلقہ دلیل ہے، کیونکہ کسی بھی صوبے کی تاریخی حیثیت کا مکمل احترام کرتے ہوئے بھی ملک کے دیگر پسماندہ خطوں میں انتظامی یونٹس کے قیام پر بات کی جا سکتی ہے۔

اس بحث میں بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف پر سب سے بڑا سوال متبادل نظام کے حوالے سے اٹھایا جا رہا ہے ،  ناقدین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے مختلف مواقع پر سامنے آنے والی گفتگو اور پھر ریفرنڈم و صوبائی وحدت کے حوالے سے اختیار کیے گئے مؤقف نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنایا ہے،  عوامی اور سیاسی حلقے یہ سوال کر رہے ہیں کہ اگر پی پی پی اور جے یو آئی (ف) نئے انتظامی صوبوں کو مسائل کا حل نہیں سمجھتیں، تو وہ دور دراز اور محروم علاقوں کی پسماندگی ختم کرنے کے لیے کون سا قابلِ عمل متبادل ماڈل پیش کرتی ہیں؟

مبصرین کے مطابق اگر اصل حل بلدیاتی نظام کی مضبوطی میں ہے، تو پھر ان جماعتوں کو یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ مقامی حکومتوں کو حقیقی مالی اور انتظامی اختیارات دینے کے لیے ان کا عملی منصوبہ کیا ہے ؟ محض نئے صوبوں کے مطالبے کو صوبائی تقسیم اور شناخت کے خطرے سے جوڑ دینا ان بنیادی عوامی سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں ہو سکتا، اور یہ بحث تبھی کسی مثبت نتیجے پر پہنچ سکتی ہے جب جذباتی بیانیے کے بجائے عوامی سہولت اور بہتر گورننس کو ترجیح دی جائے۔

editor

Related Articles