گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں امریکی عدالت نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور سابق را چیف کے سمن دہلی بھجوا دیے

گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں امریکی عدالت نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور سابق را چیف  کے سمن دہلی بھجوا دیے

امریکی وفاقی عدالت نے سکھ قوم پرست رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی بھارتی سرکاری سازش سے متعلق دیوانی مقدمے میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ سامنت گوئل کے قانونی سمن نئی دہلی کی 3 ضلعی عدالتوں کو ارسال کر دیے ہیں۔

امریکی ڈسٹرکٹ جج کیتھرین پولک فائلا نے بھارتی نامزد مرکزی اتھارٹی اور سفارتی ذرائع سے سمن کی تعمیل کی سابقہ کوششیں ناکام ہونے کے بعد بھارتی عدالتی نظام کے ذریعے قانونی دستاویزات بھیجنے کی باقاعدہ منظوری دی۔

یہ سمن جمعہ کو کوریئر سروس فیڈ ایکس کے ذریعے 1965 کے ہیگ کنونشن اور بھارت کے ضابطہ دیوانی کی دفعات کے تحت نئی دہلی کے پٹیالہ ہاؤس، دوارکا اور تیس ہزاری عدالتی کمپلیکسز کو بھیجے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کے مؤقف کی عالمی تصدیق، شیطانی دہشتگرد نظام کا ماسٹر مائند اجیت دوول، امریکا کا سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر بھارتی حکومت کو نوٹس

پٹیالہ ہاؤس ڈسٹرکٹ کورٹ سے اجیت ڈوول جبکہ دوارکا اور تیس ہزاری کی عدالتوں سے سامنت گوئل کو سمن کی تعمیل کرانے میں معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔

مقدمے کے مندرجات اور 50 نامعلوم ملزمان کی نامزدگی

 ستمبر 2024 میں دائر کیے گئے اس دیوانی مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بھارتی حکام نے نیویارک میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش تیار کی۔

مقدمے میں بھارتی حکومت، اجیت ڈوول، سامنت گوئل، را کے سابق افسر وکرم یادو، بھارتی شہری نکھل گپتا اور 50 نامعلوم افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔

 پنوں نے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مدعا علیہان نے آزاد سکھ ریاست خالصتان کی وکالت کرنے کی پاداش میں انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

بھارتی وزارت قانون کی رکاوٹیں اور دورہ امریکا کے دوران سمن سے فرار

متبادل قانونی راستہ اس وقت اختیار کیا گیا جب ہیگ کنونشن کے تحت غیر ملکی درخواستوں پر کارروائی کرنے والی بھارت کی نامزد مرکزی اتھارٹی یعنی وزارت قانون و انصاف نے یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے دستاویزات واپس کر دیں کہ یہ سمن مخصوص زمروں میں نہیں آتے۔

 تاہم امریکی جج نے قرار دیا کہ بھارتی اتھارٹی کا مختصر جواب یہ ثابت نہیں کرتا کہ اس مقدمے پر ہیگ کنونشن لاگو نہیں ہوتا اور کنونشن کا آرٹیکل 19 بھارت کے داخلی عدالتی طریقہ کار کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق اجیت ڈوول کے دورہ امریکہ کے دوران انہیں ذاتی طور پر سمن دینے کی کوششیں بھی ناکام رہی تھیں، کیونکہ پنوں کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے 3 مواقع پر انہیں دستاویزات حوالے کرنے سے روکا۔

بھارتی وزارت خارجہ کا ردعمل اور نکھل گپتا کو 20 سال قید کی سزا

دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مقدمے کو مسترد کرتے ہوئے نئی دہلی کے سابقہ مؤقف کو دہرایا اور کہا کہ ’میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم ایسے بے بنیاد مقدمات کو مسترد کرتے ہیں‘۔

اس سے قبل 10 نومبر کو بھی ترجمان نے سینیئر بھارتی حکام پر عائد الزامات کو من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں عدالتی دستاویزات کی تعمیل کی درخواستیں صرف وزارت قانون و انصاف کے ذریعے ہی بھیجی جا سکتی ہیں۔

اس دیوانی مقدمے کو جمعہ کو  ایک علیحدہ امریکی فوجداری مقدمے میں شریک ملزم نکھل گپتا کو سزا سنائے جانے کے بعد غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔

نیویارک کی وفاقی عدالت نے نکھل گپتا کو فروری 2026 میں پنوں کے قتل کی اجرتی سازش میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرنے کے بعد تقریباً 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

ایک لاکھ ڈالر کی سپاری اور چیک جمہوریہ سے گرفتاری

امریکی استغاثہ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کی سرپرستی کرنے والے کیبنٹ سیکریٹریٹ سے وابستہ سرکاری ملازم وکرم یادو نے 2023 میں نیویارک میں پنوں کے قتل کا بندوبست کرنے کے لیے نکھل گپتا کو بھرتی کیا تھا۔

 استغاثہ نے بتایا کہ یادو نے اس قتل کے بدلے ایک لاکھ ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس میں سے 15,000 ڈالر پیشگی رقم کے طور پر دیے گئے۔

 گپتا کو جون 2023 میں چیک جمہوریہ سے گرفتار کر کے 2024 میں امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا، جبکہ فوجداری مقدمے میں نامزد وکرم یادو تاحال امریکی حراست سے باہر ہے۔

مزید پڑھیں:وجے اور اجیت کمار ایک ہی جگہ پر، مگر اس بار مقابلہ فلمی نہیں ہوگا

واضح رہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ناکام سازش کے انکشافات نے مغربی دارالحکومتوں میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں بیرون ملک ٹارگٹ کلنگ کی پالیسی کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے، جس سے نئی دہلی کے سفارتی تعلقات شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ نکھل گپتا کو تقریباً 20 سال قید کی سزا اور اب بھارتی خفیہ نظام کے اعلیٰ ترین عہدیداروں اجیت ڈوول اور سامنت گوئل کے سمن براہ راست دہلی کی مقامی عدالتوں کو بھیجا جانا بھارتی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا سفارتی اور قانونی دھچکا ہے۔

نئی دہلی کی جانب سے ان کارروائیوں کو محض ’بے بنیاد‘ کہہ کر نظر انداز کرنا اب ممکن نہیں رہا، کیونکہ امریکی عدلیہ کے شواہد اور اعترافات نے اس سازش کے تانے بانے براہ راست بھارتی ریاستی ڈھانچے سے جوڑ دیے ہیں، جو عالمی سطح پر بھارت کے جمہوری تشخص پر گہرے سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

Related Articles