چین کا سلامتی کونسل میں کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کا پھر مطالبہ

چین کا سلامتی کونسل میں کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کا پھر مطالبہ

چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے خودکش ونگ مجید بریگیڈ کو 1267 پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے تمام اراکین پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر جلد اتفاق رائے پیدا کریں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی اور متعلقہ کمیٹیوں کے مشترکہ بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں چین کے قائم مقام مستقل مندوب سن لی نے کہا کہ بیجنگ ایک بار پھر 1267 کمیٹی سے مطالبہ کرتا ہے کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ سلامتی کونسل کے تمام اراکین سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر اس معاملے پر جلد از جلد اتفاق رائے قائم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کی گروہ بندی اور مخالف دھڑوں کے خلاف کارروائیوں کا نشانہ معصوم عوام، دالبندین میں کالعدم بی ایل اے کی بچھائی بارودی سرنگ پھٹ گئی، تین بلوچ نوجوان جاں بحق

چینی مندوب نے زور دیا کہ 1267 کمیٹی کو پابندیوں کے نظام کی ساکھ اور افادیت برقرار رکھنے کے لیے معروضیت، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور فہرست میں شمولیت، اخراج یا استثنیٰ جیسے معاملات ٹھوس شواہد اور وسیع اتفاق رائے کی بنیاد پر نمٹانے چاہئیں۔

1540 کمیٹی کے جائزے اور غیر جانبداری پر زور

 سفیر سن لی نے مزید کہا کہ عدم پھیلاؤ سے متعلق 1540 کمیٹی کو آئندہ سال اپنے جامع جائزے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام ممالک میں آگاہی اور استعداد کار میں مزید اضافہ کرنا چاہیے۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی کے ماہرین کے گروپ میں خالی اسامیوں کو فوری طور پر پر کیا جائے تاکہ اس کے تمام امور کی ہموار انجام دہی یقینی بنائی جا سکے۔

1267 کمیٹی کا دائرہ کار اور مغربی ممالک کی رکاوٹیں

واضح رہے کہ سلامتی کونسل کی 1267 کمیٹی 1999 میں دہشتگردی سے منسلک افراد اور تنظیموں پر پابندیوں کی نگرانی کے لیے قائم کی گئی تھی، جو عالمی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک بنیادی ہتھیار کے طور پر کام کرتی ہے اور رکن ممالک ان پابندیوں پر اپنے ملکوں میں عملدرآمد کے پابند ہوتے ہیں۔

یہ کمیٹی القاعدہ، داعش اور طالبان سے منسلک افراد اور گروہوں کو نشانہ بناتی ہے، اور فہرست میں شامل ہونے کے بعد ان کے اثاثے منجمد، سفری پابندیاں عائد اور اسلحے کی فراہمی بند کر دی جاتی ہے۔

بیجنگ کا یہ تازہ بیان ماضی کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جن میں چین نے سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی کو بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو بلیک لسٹ کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم بعض اراکین نے ناکافی شواہد کا جواز بنا کر اس اقدام کو روک دیا تھا۔

اس سے قبل جون میں بھی پاکستان اور چین کی جانب سے دونوں تنظیموں کو دہشت گرد قرار دینے کی مشترکہ کوشش کو امریکا، فرانس اور برطانیہ نے ’طریقہ کار کی بنیادوں‘ پر بلاک کر دیا تھا، جن کا مؤقف تھا کہ 1267 نظام بنیادی طور پر القاعدہ اور داعش سے منسلک تنظیموں کے لیے ہے نہ کہ علاقائی دائرہ کار رکھنے والے گروہوں کے لیے۔

چینی مفادات پر حملے اور پاک چین مشترکہ مؤقف

پاکستان اور چین کا پختہ مؤقف ہے کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

بی ایل اے خطے میں چینی مفادات کو نشانہ بنانے کی تاریخ رکھتی ہے، جو بیجنگ پر بلوچستان کے استحصال کا الزام عائد کرتے ہوئے ماضی میں چینی شہریوں کو قتل اور چینی تنصیبات پر حملے کر چکی ہے، جبکہ مجید بریگیڈ خاص طور پر پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو نشانہ بنانے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:رنبیر کپور کا نیا روپ سامنے آگیا، اداکاری کے بعد ہدایتکاری میں قدم رکھنے کی تیاری

واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں، کراچی یونیورسٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس اور بشام میں چینی انجینیئروں پر ہونے والے مہلک حملوں کی ذمہ داری بی ایل اے اور اس کے خودکش دستے مجید بریگیڈ نے قبول کی تھی، جس کے بعد اسلام آباد اور بیجنگ نے سفارتی سطح پر ان تنظیموں کے خلاف عالمی پابندیوں کی مہم تیز کر دی تھی۔

حقیقت یہ ہے کہ عالمی فورمز پر دہشت گردی کے خلاف دہرے معیارات انسداد دہشتگردی کی اجتماعی جنگ کو کمزور کر رہے ہیں۔

جب مغربی طاقتیں اپنے مفادات کو زک پہنچانے والی تنظیموں کے خلاف فوری عالمی پابندیوں کا مطالبہ کرتی ہیں مگر پاکستان اور چین کے شہریوں کا خون بہانے والے گروہوں کو محض ’علاقائی‘ یا ’تکنیکی‘ جواز بنا کر تحفظ فراہم کرتی ہیں، تو اس سے سلامتی کونسل کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔

 دہشتگردی کی کوئی جغرافیائی سرحد نہیں ہوتی، اور اگر عالمی برادری نے جغرافیائی سیاست سے بالاتر ہو کر بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کی مالی و بیرونی سرپرستی کا راستہ نہ روکا تو اس کے اثرات پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کریں گے۔

Related Articles