انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دو رہنماؤں قاری افتخار حسین اور رفاقت عرف بشارت کے خلاف دہشت گردی اور امن عامہ کی خلاف ورزی سے متعلق الگ الگ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ مزید 10 روز کے لیے بڑھا دیا۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے دونوں ملزمان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق سماعت کی اور تفتیشی حکام کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق قاری افتخار حسین کے خلاف 7 نومبر کو تھانہ انڈسٹریل ایریا اسلام آباد میں مقدمہ نمبر 1212 درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے دوران تقریباً 200 سے 250 افراد جمع ہوئے تھے۔
دوسری جانب رفاقت عرف بشارت کے خلاف 8 نومبر کو تھانہ سنگجانی میں مقدمہ نمبر 789 درج کیا گیا۔
دونوں مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ، پُرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ 2024 کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں، جن کا تعلق ہنگامہ آرائی، سرکاری اہلکاروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے، قانونی احکامات کی خلاف ورزی اور مجرمانہ دھمکیوں سے ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر دیگر افراد کے ہمراہ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت، عوامی شاہراہیں بند کرنے اور دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں۔
مقدمات میں ملزمان پر دورانِ ڈیوٹی پولیس اہلکاروں سے مزاحمت، پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچانے اور رہائشی بلاکس میں شہریوں کو غیر قانونی طور پر محصور کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
تفتیشی حکام نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مزید تفتیش، متعلقہ شواہد کی برآمدگی اور واقعات میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔
عدالت نے تفتیشی حکام کے مؤقف اور تحقیقات کی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد جے یو آئی (ف) کے دونوں رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع منظور کرلی۔
