پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گیا۔ ملک کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ہمراہ خلا کا سفر کریں گے۔
تاریخی مشن کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ پاکستانی خلا باز کی چین کے خلائی اسٹیشن روانگی کو ملکی خلائی پروگرام میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان اور چین کی خلائی ایجنسیوں کے اشتراک سے یہ مشن انجام دیا جائے گا، جس میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سائنسی ماہر کی حیثیت سے حصہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :پاک چین خلائی تحقیق میں تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا اعلان، پاکستانی خلا باز شنژو 24 مشن کا حصہ بنے گا
اس مشن کے ذریعے پاکستان پہلی مرتبہ اپنے خلا باز کو چین کے خلائی مشن کے ساتھ خلا میں بھیجنے جا رہا ہے۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور خلائی شعبے میں تعاون کی اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ذیشان علی کی اہم ذمہ داری
مشن میں محمد ذیشان علی بطور سائنسی ماہر خدمات انجام دیں گے۔ ان کی شمولیت پاکستان کے لیے محض خلائی سفر نہیں بلکہ سائنسی تحقیق کے میدان میں عملی شرکت کا موقع بھی ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستانی خلا باز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کریں گے۔ اس دوران وہ مشن کے تحت اپنی سائنسی ذمہ داریاں انجام دیں گے اور مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔
پاکستانی خلا باز کی شمولیت سے خلائی تحقیق کے شعبے میں ملک کے لیے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :چینی خلائی مشن کی بڑی کامیابی، خلا بازوں نے اسپیس اسٹیشن میں قدم رکھ دیا


