ایک جعلی میسج اور آپ کا ڈیٹا خطرے میں،واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم الرٹ

ایک جعلی میسج اور آپ کا ڈیٹا خطرے میں،واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم الرٹ

واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم سکیورٹی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں متعدد خطرناک خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے صارفین کو فوری طور پر ایپ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق یہ سکیورٹی خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کرسکتی ہیں۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ جعلی آرڈر ڈیٹیلز پر مشتمل پیغامات کے ذریعے صارفین کی ڈیوائس میں موجود مقامی فائلیں ڈیلیٹ ہونے اور چیٹ ڈیٹابیس کی معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔

اسی طرح میٹا اے آئی کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے نظام میں بھی ایک خامی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ایک دوسری خامی کے ذریعے حملہ آور صارف کی ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم کرسکتے ہیں، جبکہ اس کمزوری کو اسپیم پیغامات کے ذریعے استعمال کیے جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی خلا باز تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار، دنیا حیران رہ جائے گی، بڑی خبر آگئی

ایڈوائزری کے مطابق بعض خامیوں کے باعث حملہ آور کی جانب سے بھیجا گیا میڈیا یا یو آر ایل صارف کی ڈیوائس پر خودکار طور پر چل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کے ونڈوز ورژن میں نقصان دہ فائل کو عام دستاویز کی شکل میں ظاہر کرکے چلائے جانے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کو صرف گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور جیسے مستند پلیٹ فارمز سے اپ ڈیٹ کریں اور غیر سرکاری یا موڈیفائیڈ واٹس ایپ استعمال کرنے سے گریز کریں۔

صارفین کو نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجے گئے آرڈر ڈیٹیلز والے پیغامات اور مشکوک لنکس پر کلک نہ کرنے، اشتہاری پیغامات اور کلک ٹو واٹس ایپ لنکس سے محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزید احتیاطی تدابیر میں میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنا اور مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے ساتھ رپورٹ کرنا شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے ایپس کو بروقت اپ ڈیٹ کرنا اور نامعلوم لنکس سے دور رہنا انتہائی ضروری ہے۔

editor

Related Articles