لاہور کے علاقے پارک ویو سٹی سے ناجائز اسلحے کے ساتھ دندناتے پھرنے اور علاقے کا امن خراب کرنے والے دو مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کا تعلق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی حلقے سے بتایا جا رہا ہے۔
تھانہ مانگا منڈی لاہور کے ایس ایچ او کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ پریس ریلیز نے جے یو آئی کی جانب سے پھیلائے جانے والے تمام جھوٹے پروپیگنڈے کا جنازہ نکال دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ پولیس کسی سیاسی انتقام کے لیے نہیں بلکہ غیر لائسنس یافتہ اسلحے کے زور پر غنڈہ گردی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئی ہے۔
تھانہ مانگا منڈی لاہور کی جانب سے جاری کردہ تحریری پریس ریلیز میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ آج پارک ویو سٹی سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے بغیر لائسنس اسلحہ برآمد ہوا ہے اور انہوں نے علاقے کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ پولیس اعلامیے میں تصدیق کی گئی ہے کہ گرفتار ہونے والے دونوں مسلح افراد کا تعلق ایک سیاسی شخصیت سے ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ علاقے کے امن و استحکام کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے پر غیر مصدقہ خبریں اور جھوٹا سیاسی پروپیگنڈا نہ پھیلائیں۔ مزید برآں، تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی انتظامیہ کو بھی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور مجرمانہ سرگرمیوں یا اسلحہ برداری میں ملوث عناصر کو سوسائٹیوں کے اندر داخلے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔
سیاسی مبصرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او مانگا منڈی کی اس پریس ریلیز نے جے یو آئی (ف) کے اس جھوٹے بیانیے کی دھجیاں اڑا دی ہیں جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا گیا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ ایف سی کی سرکاری سیکیورٹی واپس ہونے کے بعد اب فضل الرحمان کے حواریوں نے غیر لائسنس یافتہ اسلحہ اٹھانے والے غنڈوں کو رہائشی سوسائٹیوں میں چھوڑ دیا ہے، جو صبح سویرے اسلحے کی نمائش کر کے خواتین اور بچوں میں خوف و ہراس پھیلاتے ہیں، اور جب مقامی شہریوں کی درخواست پر پولیس ان غنڈوں کو ناجائز اسلحے سمیت گرفتار کرتی ہے تو مظلومیت کا جھوٹا شور مچا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔