پاکستان میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا خطرہ، ڈیلرز نے حکومت کو 15 دن کی مہلت دے دی

پاکستان میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا خطرہ، ڈیلرز نے حکومت کو 15 دن کی مہلت دے دی

پاکستان میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دیتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کی وارننگ دے دی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اگر مقررہ مدت میں مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیے جائیں گے۔ ڈیلرز کا بنیادی اعتراض حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے طریقہ کار پر ہے۔

 ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت روزانہ قیمتیں مقرر کرنے کا طریقہ قابل قبول نہیں۔ پیٹرول پمپ مالکان رواں ماہ بھی حکومت سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کا سلسلہ ختم کرکے ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقرر کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے فی لیٹر کمی،نئی قیمت 325 روپے مقرر، ڈیزل 358 روپے فی لیٹر پر برقرار

ڈیلرز کا منافع 24 روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ

ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے بجائے آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو زیادہ فائدہ پہنچا رہی ہے۔

ان کا مطالبہ ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کا منافع موجودہ 10 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 24 روپے کیا جائے، جبکہ ڈیلرز کے لیے 8 فیصد منافع کا مارجن بھی مقرر کیا جائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں کمی کرکے ڈیلرز کا مارجن بتدریج بڑھایا جائے۔

طارق حسن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر روزانہ تقریباً 6 ارب روپے پیٹرولیم لیوی وصول کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز عوام سے یہ رقم وصول کرکے حکومت کے خزانے میں جمع کراتے ہیں، اس لیے ان کے مطالبات کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔

ایسوسی ایشن نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث دو بڑی نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایندھن کی سپلائی روک دی ہے۔

ہڑتال ہوئی تو عوام کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے؟

اگر ڈیلرز کی جانب سے ہڑتال پر عمل کیا گیا تو ملک بھر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان کو پیٹرول کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خاص طور پر بڑے شہروں میں پیٹرول پمپس پر رش اور طویل قطاریں لگنے کا خدشہ ہے۔

اس سے پہلے بھی پیٹرولیم ڈیلرز ملک گیر ہڑتال کی دھمکیاں دے چکے ہیں، تاہم گزشتہ ہڑتال کی کال پر ڈیلرز کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت 15 روز کی مہلت ختم ہونے سے پہلے ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کرتی ہے یا ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی بندش کی صورت حال پیدا ہوتی ہے۔

editor

Related Articles