بلاول ’’بھٹو‘‘ نہیں ’’زرداری ‘‘ ہے، جعلی بھٹو بننے سے بہتر ہے عوام کے مسائل حل کرنے کےلئے کوئی کام کریں، بہاولپور کے شہری کی بلاول پر کڑی تنقید

بلاول  ’’بھٹو‘‘ نہیں ’’زرداری ‘‘ ہے، جعلی بھٹو بننے سے بہتر ہے عوام کے مسائل حل کرنے کےلئے کوئی کام کریں، بہاولپور کے شہری کی بلاول پر کڑی تنقید

پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقاریر، نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ محض بھٹو کا نام استعمال کرنے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، سیاسی قیادت کو اپنی عملی کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل کرنا چاہیے۔

بہاولپور سے تعلق رکھنے والے شہری محمد عمار نے کہا کہ محض نام کے ساتھ بھٹو لکھنے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا، اس کے لیے عملی کارکردگی بھی دکھانا پڑتی ہے۔ بلاول، آصف علی زرداری کے بیٹے ہیں، اگر وہ بھٹو کے نام سے سیاسی شناخت برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں بھٹو جیسے کام بھی کرنے چاہئیں۔

محمد عمار کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے سیاسی نام یا خاندانی شناخت نہیں بلکہ کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔ خواہ کوئی بھٹو ہو یا زرداری، عوام کے لیے وہی بہتر ہے جو ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے اور بنیادی سہولیات فراہم کرے۔

انہوں نے سندھ کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عوام کو علاج معالجے کی مناسب سہولیات میسر نہیں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور پانی کے مسائل بھی حل طلب ہیں۔ بلاول کو نئے صوبوں کی مخالفت کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے، نئے صوبوں کے قیام سے ملک ترقی کرے گا۔

ملتان کے شہریوں نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقاریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس سندھ کی حکومت سمیت ایوانِ صدر، چیئرمین سینیٹ اور گورنرز جیسے اہم آئینی عہدے موجود ہیں، اس کے باوجود بلاول نئے صوبوں کے معاملے پر متنازع گفتگو کرکے خود کو عوام کا خیرخواہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ملتان کے شہریوں کے مطابق پیپلز پارٹی کی عوامی خدمت کے دعوؤں کو سندھ میں اس کی حکومتی کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جانا چاہیے۔ سیاسی قیادت کی ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہونی چاہیے، نہ کہ نئے صوبوں کے معاملے پر متنازع بیانات دینا۔

سرگودھا کے شہریوں نے بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی مؤقف پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات کی تائید تو خود ان کے والد اور صدر مملکت آصف علی زرداری بھی نہیں کر رہے۔ جب ان کے اپنے والد ان کی باتوں کی تائید نہیں کر رہے تو عوام ان کے بیانات پر کیسے یقین کریں گے؟

بہاولپور، ملتان اور سرگودھا سے سامنے آنے والے عوامی ردعمل میں سیاسی وابستگی اور خاندانی شناخت کے بجائے عملی کارکردگی، بہتر طرزِ حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اہمیت دی گئی۔ شہریوں نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کے حوالے سے بھی بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف پر سوالات اٹھائے۔

Related Articles