چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے باوقار ’ہال آف فیم‘ میں 21 ویں رکن کے طور پر باضابطہ شامل کرلیا گیا ہے جو کہ پاکستان کے لیے انتہائی قابل فخر بات ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی پاکستانی سپہ سالار اور ملک کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے باوقار ’ہال آف فیم‘ میں 21 ویں رکن کے طور پر باضابطہ شامل کیے جانے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ان دنوں ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں، جس کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے اس تاریخی اعزاز کو پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پائیدار دوستی اور گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
معرکہ حق اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’معرکہ حق‘ کے دوران ان کی پُرعزم قیادت، ملکی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات اس اعزاز کو حقیقی معنوں میں موزوں بناتی ہیں۔
Heartiest congratulations to Field Marshal Syed Asim Munir on his induction as a member in Malaysia’s National Defence Studies Centre’s Hall of Fame.
This distinction also reflects the enduring friendship between Pakistan and Malaysia.
Field Marshal’s resolute leadership during Marqa-e-Haq, unwavering commitment to national defence, invaluable contributions to promoting peace, and enhancing Pakistan’s standing internationally makes this honour truly befitting.
This recognition belongs equally to the brave men and women of our Armed Forces, whose courage, dedication and sacrifices safeguard our beloved homeland, and to the people of Pakistan, whose resilience and unwavering support remain our greatest strength.
May Allah continue to bless Pakistan and guide us in our collective endeavours to serve our country and contribute to its progress and prosperity. Ameen.
انہوں نے مزید کہا کہ سپہ سالار کی کاؤشوں سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار اور ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم کے بقول یہ عالمی اعتراف مساوی طور پر پاکستان کی مسلح افواج کے ان بہادر مرد و خواتین کے نام بھی ہے جن کی جرات، لگن اور لازوال قربانیاں وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بناتی ہیں اور یہ پاکستانی عوام کی اس استقامت کا بھی ثمر ہے جو ہماری سب سے بڑی قومی طاقت ہے۔
ملائیشیا کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ روز پتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی روابط کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ و عسکری امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ہال آف فیم کا تاریخی پس منظر اور سابقہ ارکان
پاکستان کے لیے اس اعزاز کی غیر معمولی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ ملائیشین آرمڈ فورسز اسٹاف کالج اپنے صرف ایسے ممتاز سابق طلبہ کو ہال آف فیم میں شامل کرتا ہے جو بعد ازاں اپنے ملک کی مسلح افواج، کسی سروس یا اس کے مساوی ادارے میں اعلیٰ ترین قیادت کے منصب تک پہنچے ہوں۔
دستیاب عوامی ریکارڈ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قبل اس ہال آف فیم کے 19 ارکان کے نام، ممالک اور عہدوں کی تصدیق ہو سکی ہے، جن میں 15 کا تعلق ملائیشیا سے تھا جبکہ برونائی، بنگلہ دیش، لبنان اور تھائی لینڈ سے ایک ایک فوجی سربراہ شامل رہے ہیں۔
کالج کے مئی 2025 کے تقریب نامے میں پہلے 17 ارکان کی ترتیب اور عہدے درج ہیں، جبکہ 18 ویں اور 19 ویں رکن کی تصدیق ملائیشیا کی فضائیہ اور مسلح افواج نے اپنی الگ الگ تقریبوں کی رپورٹوں میں کی ہے۔
تاریخ کے اوراق پر نظر ڈالیں تو اس باوقار فہرست کا آغاز 2004 میں ہوا جب ملائیشین فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالغنی بن عبدالعزیز پہلے رکن بنے۔
اس کے بعد 2005 میں ملائیشین بری فوج کے سربراہ جنرل محمد ہاشم بن حسین دوسرے، 2006 میں بری فوج کے سربراہ جنرل عبدالعزیز بن زینال تیسرے اور اسی سال بحریہ کے سربراہ ایڈمرل الیاس بن دین چوتھے رکن قرار پائے۔
بعد ازاں 2007 میں ملائیشیا کے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل رملان بن محمد علی کو پانچویں، 2009 میں بری فوج کے سربراہ جنرل محمد ازومی بن محمد کو چھٹے اور 2010 میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل عبدالعزیز بن جعفر کو ساتویں رکن کے طور پر شامل کیا گیا۔
اسی تسلسل میں 2012 میں ملائیشیا کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ذوالکفلی بن محمد زین آٹھویں، 2013 میں بری فوج کے سربراہ جنرل ذوالکفلی بن زین العابدین نویں اور 2014 میں بری فوج کے سربراہ جنرل راجا محمد افندی بن راجا محمد نور دسویں رکن بنے۔
ہال آف فیم میں پہلے غیر ملکی سپہ سالار کی شمولیت 2015 میں ہوئی جب برونائی کی شاہی مسلح افواج کے کمانڈر میجر جنرل محمد تاویہ بن عبداللہ کو گیارہویں رکن کا اعزاز ملا۔
بعد کے برسوں میں 2018 میں ملائیشیا کی فضائیہ اور بعد ازاں مسلح افواج کے سربراہ جنرل افندی بن بوانگ بارہویں رکن بنے، جبکہ 2019 میں بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مسیح الزمان سیرنیابت تیرہویں اور ملائیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد رضا بن محمد ثانی چودہویں رکن کے طور پر فہرست کا حصہ بنے۔
مزید برآں 2022 میں ملائیشیا کی بری فوج کے سربراہ جنرل زمروز بن محمد زین پندرہویں، 2023 میں فضائیہ کے سربراہ جنرل محمد اصغر خان بن گوریمان خان سولہویں اور 2024 میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل عبدالرحمان بن ایوب سترہویں رکن منتخب ہوئے۔
گزشتہ برس یعنی 2025 میں 2 مزید غیر ملکی عسکری سربراہان کو یہ اعزاز بخشا گیا، جن میں لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہیکل اٹھارہویں اور تھائی لینڈ کی شاہی مسلح افواج کے سربراہ جنرل اُکریس بونتانوندھا انیسویں رکن کے طور پر شامل ہوئے۔
دستیاب عوامی ریکارڈ سے بیسویں رکن کا نام، ملک اور عہدہ تصدیق نہیں ہو سکا، جبکہ 2026 میں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اکیسویں رکن کی حیثیت سے اس ممتاز فہرست میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔
پاک ملائیشیا تعلقات کا پس منظر اور سیکیورٹی تعاون
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیاسی، معاشی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات کی جڑیں دہائیوں پرانی ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہی اسلام آباد میں تعینات ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتوک محمد اظہر مزلان نے پاکستانی میڈیا کے نمائندوں اور ملائیشین کمیونٹی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
اس سے قبل اگست کے مہینے میں بھی دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق ہوا تھا، جس کا بنیادی ہدف انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم کی روک تھام اور غیر قانونی امیگریشن کا خاتمہ ہے۔
اسٹرٹیجک اہمیت اور علاقائی اثرات
جنوب مشرقی ایشیا کے اہم ترین ملک ملائیشیا کی جانب سے پاکستانی عسکری قیادت کو یہ اعلیٰ ترین اعزاز دینا اس حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ عالمی برادری خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار اور پیشہ ورانہ عسکری صلاحیتوں کو تسلیم کر رہی ہے۔
بدلتے ہوئے عالمی جیو پولیٹیکل منظرنامے میں کوالالمپور اور اسلام آباد کے درمیان دفاعی، تربیتی اور انٹیلی جنس سطح پر بڑھتا ہوا یہ اشتراک نہ صرف دونوں ممالک کی سیکیورٹی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ مسلم امہ کے اندر دفاعی خود انحصاری اور باہمی تعاون کی نئی راہیں بھی ہموار کرے گا۔