امریکی شہر نیویارک میں ایک منفرد اور غیر معمولی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین نے ’چینی جاسوس‘ جیسا روپ دھار کر شرکت کی۔ اس تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کے درمیان نئی بحث شروع ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 نومبر کو نیویارک کے واشنگٹن اسکوائر پارک میں ’چائنیز اسپائی لک الائیک کانٹیسٹ‘ کے نام سے مقابلہ منعقد ہوا، جس میں تقریباً 10 خواتین نے حصہ لیا۔
مقابلے میں شریک خواتین نے جاسوسوں سے مشابہ لباس پہنے اور خفیہ معلومات چرانے کی فرضی اداکاری کی۔ اس موقع پر ایک شخص معروف ٹیکنالوجی شخصیت جینسن ہوانگ کا روپ دھار کر بھی تقریب میں شریک ہوا۔
مقابلے کی فاتح کے لیے 50 ڈالر نقد انعام مقرر کیا گیا تھا، جبکہ وہاں موجود افراد نے کیو آر کوڈ اسکین کرکے اپنی پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دیا۔
تقریب کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے اسے محض تفریحی سرگرمی قرار دیا، تاہم کئی افراد نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلے ایشیائی باشندوں کے بارے میں منفی تصورات اور دقیانوسی سوچ کو فروغ دے سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقابلے کا پس منظر جینسن ہوانگ اور کاروباری شخصیت ایلس ہوانگ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جاسوسی کے الزامات تھے۔
تاہم ایلس ہوانگ کے چینی خفیہ اداروں سےتعلقات کے الزامات تاحال ثابت نہیں ہوئے اور چین بھی ان دعوؤں کی تردید کر چکا ہے۔