امارات: راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 11 افراد زندگی کی بازی ہارگئے

امارات: راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 11 افراد زندگی کی بازی ہارگئے

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والے شدید تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اماراتی وزارتِ داخلہ نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ،  حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی امدادی دستے فوری طور پر متاثرہ مقام پر روانہ کر دیے گئے۔

وزارتِ داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمبولینس گاڑیوں، سول ڈیفنس کے عملے اور دیگر متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری ریسکیو اور طبی امداد کا عمل شروع کیا، جبکہ حادثے کی جگہ کو محفوظ بنانے اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے بھی ہنگامی انتظامات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : نیپال میں خوفناک حادثہ، لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں جا ٹکرائے

حکام کی جانب سے تاحال جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت یا قومیت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

 وزارتِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ تصادم کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جن کی تکمیل کے بعد تفصیلی نتائج سامنے لائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں یہ دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے؛ اس سے قبل 12 نومبر کو ریاست فجیرہ میں ٹرک ڈرائیور کے گاڑی پر قابو کھو بیٹھنے کے باعث متعدد گاڑیوں کے تصادم میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے تھے۔

editor

Related Articles