ملک کا امن و امان خراب کرنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر جہنم واصل کرنے کا فیصلہ کن آپریشن پوری قوت سے جاری ہے، جس کی ایک بڑی کڑی میں بنوں پولیس، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ‘آپریشن سربلندی’ کے دوران انتہائی مطلوب زرگل عرف انکل گروپ کے تین بدنامِ زمانہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک مطلوب دہشت گرد سمیت چھ مشتبہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
آر پی او بنوں کی مجموعی کمان، ڈی پی او بنوں کی معاونت اور ایس پی سی ٹی ڈی بنوں کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ بنوں پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سیکیورٹی فورسز (116 بریگیڈ) نے آج علی الصبح تھانہ کینٹ اور تھانہ منڈان کی حدود میں واقع علاقوں گریڑہ شاہ جہاں، کنگر اور ملحقہ دیہات میں فتنہ الخوارج کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ کے خلاف فیصلہ کن گرینڈ آپریشن ‘آپریشن سربلندی’ شروع کیا، جو صبح 10 بجے کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
آپریشن کے دوران جب سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی ایک چھاپہ مار پارٹی کمانڈر زرگل عرف انکل کی رہائش گاہ کے قریب پہنچی تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ فورسز کے شیر دل جوانوں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی اور تقریباً 15 منٹ تک جاری رہنے والے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو موقع پر ہی جہنم واصل کر کے ان کی لاشیں قبضے میں لے لیں۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ادریس ولد خان گل ساکن گریڑہ شاہ امام شاہ (جو کمانڈر زرگل عرف انکل کا بھتیجا اور مقامی کمانڈر خالد کا بھائی تھا)، سہیل عباس عرف عباس ولد عرفان اللہ ساکن عیدک فیروز خیل میر علی شمالی وزیرستان، اور مدثر ولد برادر ساکن عیدک میر علی شمالی وزیرستان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سہیل عباس اور مدثر سی ٹی ڈی بنوں کو دہشت گردی کے تین، تین سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب تھے، جبکہ تینوں ہلاک دہشت گرد پولیس، سیکیورٹی فورسز، مقامی امن کمیٹیوں کے سربراہان اور معصوم شہریوں پر حملوں، بھتہ خوری اور لوٹ مار جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔
مشترکہ کارروائی کے دوران زرگل عرف انکل گروپ کے ایک اور مطلوب دہشت گرد وہاب خان ولد افسر زمان ساکن گریڑہ ببر ضلع بنوں سمیت مجموعی طور پر چھ مشتبہ سہولت کاروں کو بھی زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جن سے سی ٹی ڈی بنوں کی تفتیش جاری ہے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے 3 ایس ایم جیز مع میگزینز، 2 ہینڈ گرینیڈز، 3 جیکٹس، ایک فوجی وردی اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی بنوں نے کہا کہ قیامِ امن اور عوام کے تحفظ کے لیے جاری آپریشن میں پولیس، سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی شاندار کوآرڈینیشن سے یہ بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس بہترین کارروائی پر بنوں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے شیر دل جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ عوام کی حفاظت، قانون کی بالادستی اور حکومتی رٹ قائم رکھنے کے لیے مشترکہ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا اور ملک کا نظام خراب کرنے والے خارجیوں اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔