پاکستان  کے لیے تاریخی اور قابل فخر لمحہ،پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا، صدر ، وزیراعظم   کی تاریخی خلائی مشن پر قوم کو مبارکباد

پاکستان  کے لیے تاریخی اور قابل فخر لمحہ،پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا، صدر ، وزیراعظم   کی تاریخی خلائی مشن پر قوم کو مبارکباد

پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک نئے اور قابلِ فخر باب کے اضافے پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی کامیابی کو قومی اعزاز، سائنسی ترقی اور پاکستانی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ذیشان علی کے خلائی مشن میں انتخاب اور پاکستان کی نمائندگی کو ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے سائنسی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے اس موقع پر سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ ماہرین کی محنت کو سراہا اور اس تاریخی مشن میں چین کے تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
 صدر مملکت نے ذیشان علی اور ان کے ساتھی خلا بازوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مشن کی کامیابی اور بحفاظت واپسی کی دعا کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے اور یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل، سائنسدانوں اور قومی خوابوں کا سفر ہے۔

وزیراعظم نے ذیشان علی اور خرم داؤد کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پاکستانی نوجوانوں کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہے۔

شہباز شریف نے اس تاریخی مشن میں تعاون پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے پیغام دیا کہ خواب دیکھنا نہ چھوڑیں کیونکہ پاکستان کی منزل ستاروں سے بھی آگے ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو مزید آگے بڑھائے گا۔

ذیشان علی کا یہ خلائی سفر پاکستان کے لیے محض ایک اعزاز نہیں بلکہ عالمی خلائی تحقیق میں ملک کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی علامت بھی ہے۔ ان کی کامیابی سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے راستے کھلنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کے مبارکبادی پیغامات نے اس تاریخی موقع کو مزید اہمیت دے دی ہے۔ پاکستانی قوم کے لیے یہ لمحہ یقیناً قومی فخر اور مستقبل کے بڑے خوابوں کی نئی شروعات کی حیثیت رکھتا ہے۔

editor

Related Articles