پاکستان نے 50 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانسنگ سہولت حاصل کرلی

پاکستان نے 50 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانسنگ سہولت حاصل کرلی

حکومت نے بین الاقوامی فنانسنگ کے حصول کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانسنگ سہولت حاصل کرلی، جس کے ذریعے ضروری درآمدات اور تجارتی اخراجات کی فنانسنگ کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی بینکوں اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا) کی قیادت سے ورچوئل ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق فنانسنگ سہولت کے لیے 9 بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بولیاں دیں، جن میں سے مسابقتی عمل کے بعد کمرز بینک، جے پی مورگن اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کو فنانسنگ پارٹنرز منتخب کیا گیا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایک سالہ ٹریڈ فنانسنگ سہولت رولنگ بنیادوں پر قابل تجدید ہوگی۔ یہ حکومت پاکستان کی میگا کے ساتھ پہلی کریڈٹ انہانسمنٹ ٹرانزیکشن ہے، جبکہ کمرز بینک اور جے پی مورگن بھی پہلی مرتبہ حکومت پاکستان کو کمرشل قرض کی فراہمی میں شریک ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کا انتخاب سب سے زیادہ مسابقتی فنانسنگ شرائط کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی بھرپور دلچسپی پاکستانی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس ٹرانزیکشن سے نجی بین الاقوامی سرمایہ متحرک کرنے اور بیرونی فنانسنگ کے ذرائع میں تنوع لانے میں مدد ملے گی۔

حکومت محتاط قرض مینجمنٹ اور مالی ذمہ داری برقرار رکھتے ہوئے میگا اور منتخب بینکوں کے ساتھ مل کر فنانسنگ سہولت پر بروقت عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

Related Articles