اسلام آباد میں 23 سے 26 نومبر 2026ء تک جاری 15ویں سالانہ این ایس ایس سی نیٹ ورک اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان جوہری تحفظ کے شعبے میں 20 سالہ تعاون کی تکمیل کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، آئی اے ای اے کے نمائندوں، سالانہ اجلاس میں شریک غیر ملکی مندوبین، سفارتی برادری کے ارکان، پاکستان کی جوہری صنعت سے وابستہ شخصیات، ٹیکنالوجی کے ماہرین، تحقیقی اداروں کے نمائندوں اور جوہری تحفظ کے شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان دیرینہ تعاون کو قومی اور عالمی سطح پر جوہری تحفظ کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اس شراکت داری نے مضبوط اداروں کے قیام، تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری اور پاکستان کے جوہری تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر منعقدہ نمائش اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور آئی اے ای اے کے تعاون سے نہ صرف مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی صلاحیتوں کو فروغ ملا ہے بلکہ قومی صنعت کو عالمی جوہری تحفظ کی برادری کے ساتھ روابط اور تعاون کے مواقع بھی میسر آئے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی اے ای اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور شعبہ جوہری تحفظ و سلامتی کی سربراہ کرین ہیرویؤ (Karine Herviou) نے پاکستان کے ساتھ ایجنسی کے دیرینہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان جوہری تحفظ کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری بین الاقوامی تعاون اور استعداد کار میں اضافے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔
تقریب کا ایک اہم حصہ پاکستان کی مقامی صنعت کی جانب سے تیار کردہ جوہری تحفظ سے متعلق ٹیکنالوجی، آلات اور تکنیکی حل کی نمائش بھی تھا۔ اس نمائش کے ذریعے قومی اداروں، آئی اے ای اے، غیر ملکی مندوبین اور صنعتی نمائندوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور باہمی روابط کے فروغ کا موقع ملا۔ اس سرگرمی سے تکنیکی تعاون، معلومات کے تبادلے اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کو بھی تقویت ملی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور آئی اے ای اے نے بین الاقوامی تعاون کو مزید وسعت دینے، مقامی سطح پر جدت اور ٹیکنالوجی کے فروغ اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مضبوط اور مؤثر جوہری تحفظ کی صلاحیتیں استوار کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔