خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کا نیا اسکینڈل سامنے آگیا، پی ٹی آئی غیر قانونی بھرتیوں سے صرف شمالی وزیرستان میں قومی خزانے سے 118 کروڑ روپے ڈکار گئی

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کا نیا اسکینڈل سامنے آگیا، پی ٹی آئی   غیر قانونی بھرتیوں سے صرف شمالی وزیرستان میں قومی خزانے سے  118 کروڑ روپے  ڈکار گئی

پشاور ( زاہد میروخیل) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں محکمہ صحت میں ہونے والی مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آگیا۔ صرف ضلع شمالی وزیرستان میں مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتی کیے گئے ملازمین کی تنخواہوں اور مالی مراعات کی مد میں سرکاری خزانے کو 118 کروڑ 36 لاکھ 70 ہزار روپے کا نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کے 23 نومبر کے مراسلے کے مطابق غیر قانونی تقرریوں کے متعدد کیسز میں انکوائریاں مکمل ہونے، برطرفی کی سفارشات اور شوکاز نوٹس جاری ہونے کے باوجود حتمی احکامات جاری نہیں کیے گئے، جبکہ بعض ملازمین بدستور سرکاری خزانے سے تنخواہیں اور مالی مراعات وصول کرتے رہے۔

ضلعی ہیلتھ آفیسر شمالی وزیرستان کو ارسال کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حتمی کارروائی میں تاخیر کے باعث محکمہ صحت کو نہ صرف مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے بلکہ مختلف عدالتوں میں بھی جواب دہی کا سامنا ہے۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق ان تقرریوں کے حوالے سے 2019 کی پی آئی ٹی انکوائری سمیت متعدد تحقیقات اور عدالتی مقدمات سامنے آئے۔ ان میں حسین احمد و دیگر 217 افراد، نعمان اللہ و دیگر 100 افراد، عطا اللہ و دیگر 131 افراد کی رٹ پٹیشنز اور محمد یوسف و دیگر 9 افراد کی سروس اپیل شامل ہیں۔

ستمبر 2024 میں سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شمالی وزیرستان ڈاکٹر حفیظ اللہ خان کے خلاف چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے چارج شیٹ جاری کیے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔ ان پر انکوائری کے بعد برطرف کیے گئے 296 ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کا الزام تھا، جبکہ ان میں سے بعض ملازمین کے بیرون ملک موجود ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔

ڈی جی ہیلتھ کے تازہ مراسلے کے مطابق 25 اپریل 2025 کو متعلقہ ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد ان کی ذاتی سماعت بھی مکمل کی گئی، تاہم حتمی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ ایک ملازم کی سروس اپیل میں سروس ٹربیونل نے بھی ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود حتمی فیصلہ نہ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

مراسلے میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر حمید اور ڈاکٹر اسرار کے ادوار میں بھرتی ہونے والے بعض ایسے ملازمین بھی تنخواہیں وصول کر رہے ہیں جو کسی عدالتی مقدمے کا حصہ نہیں ہیں۔

ضلعی اکاؤنٹس آفیسر شمالی وزیرستان کے حساب کے مطابق ان مبینہ گھوسٹ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مالی مراعات پر مجموعی طور پر ایک ارب 18 کروڑ 36 لاکھ 70 ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

ضلعی اکاؤنٹس آفیسر نے مبینہ غیر قانونی اور برطرف شدہ ملازمین کا مکمل ریکارڈ، شناختی کارڈ نمبرز اور دیگر تفصیلات حاصل کرنے کے لیے مئی سے اگست 2025 کے دوران چھ مرتبہ خطوط ارسال کیے، تاہم ان کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

تازہ مراسلے نے محکمہ صحت میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں، مالی بے ضابطگیوں، بھرتیوں کے دوران رقوم لینے کے الزامات اور انکوائریوں کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے کے حوالے سے متعدد سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاوہ بنوں اور ٹانک میں بھی مختلف اوقات میں محکمہ صحت کی تقرریوں اور ملازمین کی قانونی حیثیت سے متعلق شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

Related Articles