چینی خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز پاکستانی ہوگا، چینی وزارتِ خارجہ کا تاریخی اعلان، پوری قوم کا سر فخر سے بلند

چینی خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز پاکستانی ہوگا، چینی وزارتِ خارجہ کا تاریخی اعلان، پوری قوم کا سر فخر سے بلند

پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک نیا سنہری باب رقم ہونے سے پہلے چین نے بھی پاکستانی قوم کے لیے اس تاریخی اعزاز کی اہمیت تسلیم کرلی۔

چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے خلائی مشن کو پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی ایک اور بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے خلا بازوں کا مشترکہ طور پر چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچنا چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہوگا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ذیشان علی کے خلائی مشن سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی اور پاکستانی خلا بازوں کا مشترکہ خلائی مشن چین کے انسانی خلائی پروگرام میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہوگا۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ایک اور اہم کامیابی ہے۔

پاک چین دوستی کا نیا سنگ میل

گو جیاکون نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ مشترکہ خلائی مشن دوطرفہ تعاون میں ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

چینی ترجمان نے کہا کہ چین اس تاریخی خلائی سفر کا منتظر ہے اور امید کرتا ہے کہ یہ مشن مکمل کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ انہوں نے مشن میں شریک تمام خلا بازوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

چین کے خلائی اسٹیشن پر پہلا غیر ملکی خلا باز

ذیشان علی کی شین ژو 24 مشن میں شمولیت انہیں چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز دلائے گی۔ اس سے قبل چین کے انسانی خلائی مشنز میں صرف چینی خلا باز ہی شامل ہوتے رہے ہیں۔

اس مشن میں چین کے خلا باز تانگ ہونگ بو بطور کمانڈر اور وو یی بطور فلائٹ انجینئر ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

مشترکہ سائنسی تحقیق کا نیا دور

مشن کے دوران ذیشان علی چین اور پاکستان کے مشترکہ خلائی تحقیقی پروگرام کے تحت تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب اور خلا میں سائنسی تجربات انجام دینا شامل ہے۔

چین کے مطابق مشن کے لیے عملے کی پیشہ ورانہ تربیت، باہمی رابطے اور چینی زبان میں تکنیکی مہارت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ خلائی اسٹیشن پر تمام سرگرمیاں درست طریقے سے انجام دی جا سکیں۔

75 سالہ دوستی کا خلائی سفر

پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ذیشان علی کا خلائی مشن دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہے۔ یہ پیش رفت اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ پاک چین تعاون اب دفاع، معیشت اور ٹیکنالوجی سے آگے بڑھ کر خلائی تحقیق جیسے جدید ترین شعبوں تک پہنچ چکا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے اس بیان نے ذیشان علی کے تاریخی مشن کی اہمیت کو مزید اجاگر کردیا ہے۔ پاکستان کے لیے یہ اعزاز نہ صرف قومی فخر بلکہ مستقبل میں عالمی خلائی تحقیق میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کی امید بھی ہے۔

editor

Related Articles