کرکٹ کے میدان میں حریف بننے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے نمازِ جمعہ کے موقع پر ایک صف میں کھڑے ہوکر اخوت اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال قائم کردی۔
اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا، جہاں پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے مسلمان کھلاڑیوں اور اسٹاف ارکان نے باجماعت نمازِ جمعہ ادا کی۔
یہ روح پرور منظر 27 نومبر کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہونے کے باوجود مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔
نمازِ جمعہ کی ادائیگی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جہاں کرکٹ شائقین نے اس خوبصورت عمل کو کھیل سے بالاتر بھائی چارے اور انسانی اقدار کی مثال قرار دیا۔
بنگلا دیش کو شکست دے کر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا
دوسری جانب پاکستان شاہینز نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے اتوار 29 نومبر کو ہوگا۔