وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتہ کے روز سپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ پر موجود پہلے پاکستانی خلانورد ونگ کمانڈر ذیشان علی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
شینزو 24 مشن کے رکن ذیشان علی بدھ کے روز زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چینی خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلانورد بنے، جس سے پاکستان کے خلائی عزائم اور پاک چین خلائی سفارت کاری میں ایک نئے تاریخی باب کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خراج تحسین
ذرائع ابلاغ پر براہ راست نشر ہونے والی اس گفتگو میں وزیراعظم کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن یہاں بیٹھے تمام افراد اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے لیے عظیم دن ہے۔ انہوں نے زمین کے گرد مدار میں چکر لگانے والے پہلے پاکستانی خلانورد بننے پر ذیشان علی کو دلی مبارکباد دی اور چینی ساتھیوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچانے کو کہا۔
یہ بھی پڑھیں:زمین سے خلا تک پاکستان کی تاریخی اڑان، ذیشان علی کی خلائی اسٹیشن سے پہلی جھلک سامنے آگئی
وزیراعظم نے علامہ اقبال کا شعر پڑھتے ہوئے ونگ کمانڈر ذیشان علی سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کی اس کامیابی نے نئی نسل میں حدود سے آگے بڑھنے، نئے افق تلاش کرنے اور محنت، خلوص نیت، انتھک کوششوں اور غیر متزلزل عزم کے ذریعے ملک کو بلندیوں پر لے جانے کا نیا جذبہ بیدار کر دیا ہے۔
بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ذیشان علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر اور مسلح افواج پر بے حد فخر ہے کہ ہم میں سے ایک فرد خلا میں گیا اور یہ عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ چین کے خلائی اسٹیشن پر ذیشان علی کی موجودگی ہماری آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی بے مثال ہے، ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے اور اب یہ کائنات کی طرح لامحدود ہو چکی ہے۔
خلا سے ذیشان علی کا جذباتی پیغام اور مصروفیات وزیراعظم اور عسکری قیادت کے جذبات کا جواب دیتے ہوئے ونگ کمانڈر ذیشان علی نے کہا کہ زمین سے 400 کلومیٹر بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے مدار میں گردش کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ نہ صرف مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی ہیں بلکہ چینی خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلانورد بھی ہیں۔
ذیشان علی نے کہا کہ وہ قیادت کے تعریفی کلمات اور پوری قوم کی نیک تمناؤں پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں، خلائی اسٹیشن پر سب کچھ منصوبے کے مطابق انتہائی احسن طریقے سے جاری ہے اور وہ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ پوری قوم کی توقعات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق کا کام بہترین انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
40 سالہ پائلٹ ذیشان علی خلائی اسٹیشن پر 5 سے 10 دن قیام کریں گے۔ مشن کی تیاری کے دوران انہوں نے چینی گیت اور شاعری بھی سیکھی، خطاطی کی مشق کی اور ٹیبل ٹینس بھی کھیلا۔
بدھ کو جب شینزو 24 کا عملہ، جس میں چینی کمانڈر تانگ ہونگبو، فلائٹ انجینئر وو یی اور ذیشان علی شامل ہیں، تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود شینزو 23 مشن کے 3 خلانوردوں نے گلے لگا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ذیشان علی نے چینی زبان میں اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے غیر ملکی رکن کی حیثیت سے وہ بے حد پرجوش ہیں۔
لانچنگ، ڈاکنگ اور سائنسی تجربات کی تفصیلات
لانگ مارچ 2 ایف راکٹ نے بدھ کو بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ اور پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے گلابی آسمان تلے اڑان بھری تھی۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق اڑان کے تقریباً 10 منٹ بعد خلائی جہاز راکٹ سے الگ ہو کر مدار میں داخل ہوا اور 3 گھنٹے 38 منٹ بعد بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 56 منٹ اور پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 56 منٹ پر تیانگونگ اسٹیشن سے کامیابی کے ساتھ منسلک ہو گیا۔
سپارکو کے مطابق مشن کے دوران تیانگونگ اسٹیشن کی وینٹیان اور مینگٹیان تجربہ گاہوں میں پاکستانی سائنسی آلات نصب کیے جائیں گے۔
ان تجربات میں مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر خردبینی کائی یعنی مائیکرو ایلجی کی کاشت اور خلائی پرواز کے کوینوا کے بیجوں پر مرتب ہونے والے اثرات کا مطالعہ شامل ہے۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق عملہ اس مشن کے دوران تقریباً 90 سائنسی تجربات کرے گا، جبکہ شینزو 23 کے عملے کے ساتھ مداری تبادلہ اور اسٹیشن کی دیکھ بھال بھی مقاصد میں شامل ہے۔
سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت 2 پاکستانیوں کو چین میں تربیت دی جانی تھی اور ان میں سے ایک کو تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل ہونا تھا۔
اپریل میں پاکستان سے ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں تربیت کے لیے منتخب کیا گیا، جس کے بعد حتمی طور پر ذیشان علی کو اس مشن کے لیے چنا گیا۔
منگل کو جیایوگوان میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ذیشان علی نے خلا میں جانے کا خواب پورا کرنے میں مدد پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ چند ماہ قبل 25 کروڑ پاکستانی عوام کی امیدیں لے کر چین کے خلانورد مرکز آئے تھے۔
ان کے بقول یہ پرواز اختتامی لکیر نہیں بلکہ ایک لانچ پیڈ ہے اور انہیں امید ہے کہ پاک چین خلائی تعاون کا اگلا باب ایک خلانورد اور ایک پرواز سے آگے بڑھ کر متعدد مشترکہ پروازوں، چاند، مریخ اور اس سے بھی آگے تک پھیلے گا۔ بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے جو بالخصوص نوجوان نسل اور سائنسدانوں کے لیے ایک نیا سنگ میل ہے۔
خلائی سفارت کاری اور سائنسی ترقی کا نیا افق
پاکستان کے پہلے خلانورد کا زمین کے مدار میں پہنچنا محض ایک علامتی کامیابی نہیں بلکہ قومی سائنسی استعداد کار اور دفاعی و تکنیکی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی زمین سے خلا تک پہنچ گئی، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کیلئے خلا میں حلال کھانوں کا خصوصی اہتمام
