پاکستان کویت کی خودمختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان کویت کی خودمختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت پر حالیہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے برادر اسلامی ملک کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو کویت میں ہونے والے ڈرون حملے میں فضائی دفاعی نظام پر کام کرنے والے دو اطالوی تکنیکی ماہرین ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ کویتی وزارت خارجہ کے مطابق ایک کویتی اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کویت کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ان کے مکمل احترام کو یقینی بنانے پر زور دیتا ہے۔

وزیراعظم نے حملے میں جانیں گنوانے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی شہری سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کویت میں پاکستانی سفارت خانہ کویتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور زخمی پاکستانی شہری کو تمام ضروری معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایات پر کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے اسپتال کا دورہ کرکے زخمی پاکستانی شہری کی عیادت کی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستانی سفیر کو ڈاکٹروں نے زخمی شہری کے علاج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی پاکستانی کی حالت مستحکم ہے اور اس کی جلد صحت یابی کی توقع ہے۔

کویت میں یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز کے کنٹرول پر ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران خطے میں حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

فروری کے اواخر میں ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور توانائی کے مراکز بھی نشانہ بنے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایران نے آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم پر امریکی حملے کے بعد کویت میں امریکی ڈرون اور میزائل مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

کویتی وزارت دفاع نے حالیہ واقعے سے قبل اپنی فضائی حدود میں متعدد ڈرونز کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایرانی حملہ قرار دیا تھا، تاہم ایرانی فوج نے کویت میں ہونے والے مہلک حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

حملے کے بعد کویتی وزارت خارجہ نے جمعے کو ایرانی سفیر کو طلب کیا اور مسلسل حملوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی کویت پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کویت کے ساتھ یکجہتی، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

Related Articles