عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت سے صرف ہاتھ ملایا تھا، گلے نہیں لگایا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ صحیح بات کرنی چاہیے اس لیے آج میڈیا پر بھی کہہ رہی ہوں، ہم نے بہت کچھ دیکھا ہے اس لیے اب صبر بھی کرتے ہیں، سب گیمیں بند کریں ساری لڑائیاں بند کریں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ شیرافضل مروت نے کہا جب میں نے ہاتھ ملایا تو بانی پی ٹی آئی نے گلے لگایا، بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت سے صرف ہاتھ ملایا تھا، گلے نہیں لگایا۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت نے مسلم لیگ ن کو 17 نشستوں والی حکومت قرار دیدیا
انہوں نے کہا کہ شیرافضل مروت کو اگر آگے چلنا ہے تو اسے صحیح بات کرنی چاہیے۔ میرے خیال سے عوام نے نکل آنا ہے، کسی کو لیڈ کرنے کی ضرورت نہیں، جلسے میں شامل ہونا چاہیے لیکن یہ کہنا ہے کہ وہ کوئی جلسہ کررہے ہیں ایسا نہیں، لوگ بھیڑبکریاں نہیں کہ آپ نے بلانا ہے اور وہ آجائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شیر افضل مروت نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی اور باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ آج 3 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، میں نے ہاتھ ملایا اور بانی پی ٹی آئی نے گلے لگایا، دو طرفہ گلے شکووں کا تبادلہ ہوا، بیرسٹر گوہر کے سامنے 22 اگست کے جلسے سے متعلق ذمہ داری سونپی گئی ہے، بیرسٹر گوہر نے واضح پیغام دیا ہے کہ پارٹی اختلافات نہیں ہوں گے، آج ہم شیر و شکر ہوگئے ہیں۔

