فیصل آباد: نو مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔
جے آئی ٹی کی جانب سے مکمل چالان عدالت میں جمع نہ کرانے کی وجہ سے یہ امکان ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد کرنےکے عمل میں مزید تاخیر ہوجائے۔ ذرائع کےمطابق تھانہ سول لائن کے مقدمہ نمبر 832 میں نامکمل چالان کی نقلیں ملزمان کو فراہم کردی گئیں ہیں۔ جس کی بنا پر فرد جرم عائد کرنے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
عدالت کی جانب سےتمام ملزمان کو بذریعہ سمن طلب کئے جانے کی ہدایت کی گئی تھی اور فرد جرم عائد کرنے کیلئے ملزمان کی حاضری ضروری تھی لیکن چالان مکمل نہیں ہوا، اس لئے فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔ 9 مئی مقدمہ مثل کی کاپی میں 60 ملزمان کے نام درج ہیں، تاہم مقدمہ میں مجموعی طور پر 79 ملزمان نامزد ہیں اور اس کے علاوہ 176 نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔ چالان میں ان ملزمان کے خلاف الزامات، برآمدگیاں اور دیگر ضروری تفصیلات شامل نہیں۔ جو کہ قانون کے مطابق لازم ہیں۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے چاروں مقدمات کی سماعت 20 نومبر کو مقرر کی ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ چالان کی نامکمل حالت میں سماعت جاری رکھنے اور فرد جرم عائد کرنے کا امکان کم ہے۔