عمران خان کی رہائی عدالتی احکامات سے مشروط ہے، احسن اقبال

عمران خان کی رہائی عدالتی احکامات سے مشروط ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے لیے بعض اقدامات ناگزیر ہو جاتے ہیں، اور امید ہے کہ آج تحریک انصاف کا سیاسی کھیل ختم ہو جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی کارروائی ہے۔ اگر وہ بےگناہ ہیں تو عدالت میں ثبوت پیش کریں۔ عدالت کے سامنے حقائق رکھنے سے ہی رہائی ممکن ہو سکتی ہے، جیسا کہ ہم نے بھی اپنے مقدمات کا سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماضی میں نرمی برتی، لیکن اس کا غلط فائدہ اٹھایا گیا۔ 9 مئی کے واقعات میں عسکری تنصیبات پر حملے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس جماعت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ان کا مقصد ملک میں انتشار پیدا کرنا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کو پاراچنار کی صورت حال کی کوئی پرواہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجی دھرنے کسی حل تک نہیں پہنچا سکتے اور امید ہے کہ آج یہ تماشہ ختم ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اب بھی اسٹیبلشمنٹ سے مدد کے منتظر ہیں۔ ماضی میں بھی انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے دھرنے دیے اور ملک کو نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آج اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی ہے، جس کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔

Related Articles