سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریکِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ جو پارٹی لیڈر پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل نہیں ہوا اسکا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرڑی اطلاعات پاکستان تحریکِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج میں شامل نہ ہونے کے حوالے سے کسی پارٹی قائد کو استثنی حاصل نہیں تھا تاہم بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کچھ پارٹی عہدیداروں کو پیچھے بیٹھ کر کام کرنے کے حوالے سے ہدایات دی گئی تھیں اور مجھے بھی پیچھے ہدایات تھیں کہ باہر رہ کر زمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت ملکی میڈیا کو تو کنٹرول کر سکتی ہے لیکن دنیا بھر کے میڈیا نے تین دن جو کچھ پاکستان میں سفاکانہ بربریت ہوتی رہی ہے اسے بین الاقوامی میڈیا پر دکھایا اگیا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے جن ورکرز کو بلیو ایریا میں شہید کیا گیا ہے انکی لاشوں کے حوالے معاملات کو دیکھ رہے ہیں ، باقی ایشوز کو بھی جلد دکھا جائیگا۔
شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ جھنگ سے انکے بھائی بڑی تعداد میں ساتھیوں کیساتھ اسلام آباد دھرنے میں پہنچے اور وہ راستوں کی بندش کی وجہ سے جھنگ سے شاہپور، جوہر آباد، میانوالی سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی خیبر پختونخوا سے 90 فیصد قیادت نے پی ٹی آئی دھرنے میں شمولیت اختیار کی تاہم جو لوگ شامل نہیں ہوئے انکا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔