وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے 11رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔
ٹاسک فورس ایک ماہ میں حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی،11 رکنی ٹاسک فورس کی سربراہی وفاقی وزیر ہاؤسنگ کریں گے۔
اس ٹاسک فورس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے ریونیو، ڈی جی ویلفئیر اینڈ ری ہیبلیٹیشن پاکستان آرمی میجر جنرل دلاور خان، چیئرمین ایف بی آر، ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ہاؤسنگ سیکٹر کے مختلف ماہرین کو بھی ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا ہے،ٹاسک فورس ہاؤسنگ کے شعبے کی نمو اور ترقی کیلئے جامع فریم ورک تیار کرے گی، ٹاسک فورس اربن منصوبہ بندی کی پالیسیوں میں تبدیلیوں کی سفارشات تیار کرے گی۔
ٹاسک فورس ہاؤسنگ کے شعبے پر موجودہ محصولاتی نظام کے اثرات کا جائزہ لے گی اور یہ ہاؤسنگ کے شعبے سے جڑی درآمدی اشیا اور مصنوعات پر ٹیکسوں میں کمی سے متعلق پالیسی تشکیل دے گی۔
ٹاسک فورس ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے ممکنہ مراعات کا جائزہ لے گی اور ایک ماہ میں حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔