شیر افضل مروت کا میڈیا سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ

شیر افضل مروت نے وقتی طور پر میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اور متنازع بیانات کے بعد میڈیا سے دو ہفتوں کے لیے دور رہنے کا فیصلہ کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں شیر افضل مروت نے کہا کہ دوستوں کے مشورے پر میں نے ایک، دو ہفتے الیکٹرانک میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں میڈیا کے دوستوں سے گزارش کروں گا کہ اس طرح کے پروگرام میں شامل ہونے پر اصرار نہ کریں۔

واضح رہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت کو بطور ممبر اسمبلی و کور کمیٹی مذاکراتی عمل کا مکمل ادراک ہے، بطور ممبر اسمبلی و کور کمیٹی شیر افضل مروت کو کسی مذاکراتی ٹیم ممبر کے خلاف بیان نہیں دینا چاہیے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نے جاری مذاکرات کے حوالے سے بھی سخت کمنٹس دیے، شیر افضل مروت نے ایسے بیانات دے کر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے، بانی پی ٹی آئی کے سامنے شیر افضل مروت کا معاملہ رکھا گیا، بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل نے نتائج کا سوچے بغیر بات کی اور ایک سے زیادہ مرتبہ پارٹی کو نقصان پہنچایا، یہ شوکاز ایک سے زائد مرتبہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر جاری کیا جا رہا ہے، 7 دن کے اندر شوکاز کا جواب دیں ورنہ پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شیر افضل مروت نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے کو عمران خان کے سامنے بھی اٹھائیں گے۔

editor

Related Articles