اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج سےمتعلق 3 مقدمات میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ۔
عدالت نمبر 1 کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے بشریٰ بی بی کی 3 کیسزمیں عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں زیر حراست ہیں عدالت حاضر نہیں ہو سکتیں ۔
بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہونا چاہتی ہیں، تفتیشی افسر کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں شامل تفتیش کریں۔ کورٹ نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 24 مارچ تک متعلقہ کیسز میں گرفتاری سے روک دیا۔
ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر آئندہ سماعت 24 مارچ کو ہوگی۔ یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ رمنا، تھانہ مارگلہ اور تھانہ کراچی کمپنی میں تین مقدمات درج ہیں۔