وزیراعلیٰ آفس پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق مریم نواز نے انڈیا کے حملے کو ’بزدلانہ‘ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کرتے ہوئے صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے بھارتی حملے کو ’بزدلانہ اقدام‘ قرار دیتے ہوئے صوبے بھر میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ۔ بیان کے مطابق پنجاب پولیس سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہسپتال کے تمام عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی سنبھالنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسی طرح پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملے کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوری قوم متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔
وزیر اعلٰی نے کہا کہ ’دشمن نے مئی میں حملہ کیا تھا، 28 مئی 1998 کی طرح جواب دیں گے۔‘