بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دہشت گردوں کی درانداری کی کوشش ناکام بنادی اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر بڑی تعداد میں خوارج کی نقل وحرکت پکڑی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گرد ضلع ژوب کے علاقے سمبازه سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے جرات مندانہ اور مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے ہیں۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم اور پوری طرح تیار ہیں۔