محکمہ موسمیات نے ڈینگی کے پھیلاؤ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 20 ستمبر سے ملک میں ڈینگی کے پھیلنے کا خطرہ ہے، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی پانی نے ڈینگی وباء کے لیے سازگار ماحول پیدا کر دیا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں میں ڈینگی کے شدید خطرات لاحق ہیں ، موسمیاتی ڈیٹا کے مطابق رواں سال ڈینگی کے شدید ترین پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ ڈینگی مچھر صبح سورج نکلنے کے بعد اور شام سورج ڈھلنے سے پہلے سب سے زیادہ متحرک ہوتا ہے، درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ، نمی 60 فیصد اور بارش 27 ملی میٹر ڈینگی کے پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں۔
سیلاب زدہ علاقوں میں ٹھہرا ہوا پانی مچھروں کی افزائش کے لیے انتہائی خطرناک ہے، پنجاب اور سندھ کے کئی اضلاع تاحال زیرِ آب ہیں اور لاکھوں متاثرہ افراد شیلٹرز میں مقیم ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہری انتظامیہ کو فومیگیشن اور صفائی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام کو کہا گیا ہے کہ گھروں کے گرد پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی اور ریپیلنٹ استعمال کریں۔