بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار نے ایک مرتبہ پھر پہلگام فالس فلیگ کے حوالے سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کٹیار نے پرانے دعوے دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سوچ 1965 سے نہیں بدلی اور پاکستان بھارت کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ الزامات بھارتی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہیں۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ ’’آپ ہماری ’فتح‘ کو کیسے دیکھتے ہیں؟‘‘ جس پر کٹیار نے جواب دیا کہ بھارت کی سیاسی حکومت ہمیشہ امن پسند رہی ہے اور سلامتی و بقا ہی کلید ہے۔ تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات بھارت کی اس شرمندگی کو نہیں چھپا سکتے جو اسے آپریشن سندور میں بری طرح ناکام ہونے پر ملی۔
تجزیہ کاروں نے یاد دلایا کہ آپریشن بنیان المرصوص پہلگام فالس فلیگ کا بھرپور جواب تھا، جس نے 6-0 جیسے تاریخی لمحے کو جنم دیا۔ ان کے مطابق اس ناکامی کے بعد نئی دہلی ایک بار پھر پروپیگنڈا اور پاکستان مخالف بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہی ہے۔
جب کٹیار سے پوچھا گیا کہ کیا بھارت کو پاکستان سے نئے خطرات لاحق ہیں تو انہوں نے کہا: ’’میں اس چینل کے ذریعے اپنے ہم وطنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ بھارتی فوج اپنے ملک کے وقار کے دفاع میں ہمیشہ ڈٹی رہے گی۔‘‘ ناقدین کے مطابق یہ بھی ایک کھوکھلا دعویٰ ہے جو زمینی حقائق کے بجائے صرف اندرونی عوام کو مطمئن کرنے کے لیے کیا گیا۔