امریکا میں خالصتان تحریک کے رہنما گُرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں گرفتار بھارتی شہری نکھل گپتا نے امریکی حکام کے سامنے نئے انکشافات کر دیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کو جمع کرائی گئی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نکھل گپتا بھارتی انٹیلی جنس افسر وکاش یادو کے احکامات پر کام کر رہا تھا۔
دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نکھل گپتا نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ اور وکاش یادو نیپال یا پاکستان میں ایک اور سکھ رہنما کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
امریکی استغاثہ نے دونوں کو کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے بھی جوڑا ہے اور کہا ہے کہ اس بڑی سازش کے شواہد نکھل گپتا اور وکاش یادو کے درمیان سینکڑوں واٹس ایپ چیٹس اور ای میلز کے تجزیے سے حاصل ہوئے ہیں۔
یہ تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ نکھل گپتا کا مقدمہ 3 نومبر کو نیویارک میں شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ نکھل گپتا کو جون 2023 میں چیک ریپبلک سے گرفتار کر کے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔