پاکستان نے یقین دلایا ہے امریکا کیساتھ اسکے تعلقات سے چینی مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا، چین

پاکستان نے یقین دلایا ہے امریکا کیساتھ اسکے تعلقات سے چینی مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا، چین

چین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات چینی مفادات اور چین-پاکستان تعاون کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

چینی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے گذشتہ روز کہا کہ چین کی جانب سے حال ہی میں ریئر ارتھ (نایاب ارضیاتی معدنیات) اور متعلقہ اشیا پر عائد کی گئی برآمدی پابندیوں کا پاکستان سے کسی بھی طرح تعلق نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات چینی حکومت کی جانب سے اپنے برآمدی کنٹرول کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قانون و ضوابط کے مطابق اختیار کیے گئے جائز اقدامات ہیں۔

لن جیان نے یہ بات ایک معمول کی پریس بریفنگ میں اُس وقت کہی جب اُن سے اُن میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان، چینی آلات اور ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے، نایاب معدنیات امریکا کو برآمد کر رہا ہے، اور مبینہ طور پر اسی وجہ سے چین نے نایاب معدنیات سے متعلق ٹیکنالوجیز کی برآمد پر سخت ضوابط نافذ کیے۔

مزید پڑھیں:پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے، چینی وزارت خارجہ

ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ،  دونوں فریق ہمیشہ اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک باہمی اعتماد اور باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر قریبی رابطے میں رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک میری معلومات ہیں، چین اور پاکستان کی پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کے تعاون کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے ، پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات چین کے مفادات یا چین-پاکستان تعاون کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔’

لن جیان نے مزید بتایا کہ پاکستانی رہنماؤں نے اپنے امریکی ہم منصبوں کو جو معدنی نمونے دکھائے یا پیش کیے تھے، وہ دراصل خام قیمتی پتھروں کے نمونے تھے جو اُن کے عملے نے خریدے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ رپورٹس یا تو حقائق کی غلط تفہیم پر مبنی ہیں، یا افواہوں پر، یا پھر چین اور پاکستان کے درمیان بدگمانی پیدا کرنے کی کوشش ہیں، اور یہ بالکل بے بنیاد ہیں۔’

یہ بھی پڑھیں:چین امریکا تجارتی تنازعہ : ٹرمپ کا مزید سخت ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی طرف سے اپنے برآمدی کنٹرول کے نظام کو قوانین اور ضوابط کے مطابق بہتر کرنے کا اقدام ہے ، اس کا مقصد عالمی امن اورعلاقائی استحکام کا بہتر طور پر دفاع کرنا اورعدم پھیلاؤ اور دیگر بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل  ہے۔

editor

Related Articles