محکمہ موسمیات نے اس سال پاکستان میں غیر معمولی یا شدید ترین سردی پڑنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق ایسی تمام خبریں حقائق کے بالکل منافی ہیں اور ان کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔
ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس موسم سرما میں معمول کے مطابق سردی پڑنے کا امکان ہے اور سردی کے نئے ریکارڈ ٹوٹنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال سردیوں میں بارشیں بھی معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، اس لیے شدید سردی سے متعلق خبریں محض افواہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور درست و مستند معلومات کے لیے محکمہ موسمیات کی سرکاری ویب سائٹ یا تصدیق شدہ ذرائع سے رجوع کریں۔ ترجمان نے کہا کہ محکمہ موسمیات موسم سے متعلق درست اور بروقت معلومات فراہم کرتا ہے، اس لیے عوام کو گمراہ کن اطلاعات سے بچنا چاہیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر مختلف پوسٹس اور ویڈیوز کے ذریعے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اس سال پاکستان میں ماضی کی نسبت کہیں زیادہ سخت اور طویل سردی پڑے گی۔
بعض صارفین نے یہاں تک کہا تھا کہ درجہ حرارت منفی ڈگری تک گر سکتا ہے اور برفباری کے امکانات بھی غیر معمولی حد تک بڑھ جائیں گے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق ان دعوؤں کی کوئی سائنسی یا موسمیاتی بنیاد موجود نہیں، اور ایسی اطلاعات صرف عوام میں بے جا خوف اور غلط فہمیاں پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر موسم کی پیشگوئی مخصوص ڈیٹا اور ماڈلز کی بنیاد پر کی جاتی ہے، جنہیں غیر مصدقہ ذرائع کے اندازوں سے جوڑنا درست نہیں۔
ان کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقوں میں اس سال درجہ حرارت معمول کے قریب رہنے کی توقع ہے اور سردی کا دورانیہ بھی عمومی پیٹرن کے مطابق ہی ہوگا۔ ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی قیاس آرائیوں پر کان نہ دھریں اور صرف محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹوں پر انحصار کریں۔