محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم اور بارشوں سے متعلق نئی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم اور بارشوں سے متعلق نئی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے موسم کے حوالے سے تازہ پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا درجہ حرارت آج 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ دن بھر 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شدید ترین سردی کی خبروں سے متعلق محکمہ موسمیات کی وضاحت سامنے آگئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کا راج ہو گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک ہی رہے گا۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں سرد موسم متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:خلیج بنگال میں بننے والے طوفانی سسٹم، محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق پیش گوئی کردی

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کا زور رہا۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات کی منگل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سرد علاقوں میں رہنے والے افراد مناسب لباس کا استعمال کریں اور صبح و شام کے اوقات میں احتیاط برتیں۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے اس سال پاکستان میں غیر معمولی یا شدید ترین سردی پڑنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی تھی۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق ایسی تمام خبریں حقائق کے بالکل منافی ہیں اور ان کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ رواں برس موسم سرما میں معمول کے مطابق سردی پڑنے کا امکان ہے اور سردی کے نئے ریکارڈ ٹوٹنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال سردیوں میں بارشیں بھی معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، اس لیے شدید سردی سے متعلق خبریں محض افواہیں ہیں۔

Related Articles