لانس نائیک شاہ حسین بمبور رائفلز، فرنٹیئر کور نارتھ ملک دشمنوں کے ساتھ لڑتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر سوئی کے مقام پر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔
شہید لانس نائیک شاہ حسین کی نمازِ جنازہ آج گرمکان، ضلع پنجگور میں پی ٹی سی ایل ایکسچینج کے قریب واقع جنازہ گاہ، فٹبال گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں کمانڈنٹ پنجگور رائفلز، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، سیاسی شخصیات، سینئر حکام اور اہلِ پنجگور نے بڑی تعداد میں شرکت کی،نمازِ جنازہ کے بعد کمانڈنٹ پنجگور رائفلز نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہارِ تعزیت کیا۔
کمانڈنٹ پنجگور رائفلز نے شہید کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی،وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں
سیکیورٹی فورسز کے جوان ملک کے دفاع کے لیے دن رات اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ،پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ہی یہ ملک قائم و دائم ہے ۔
سیکیورٹی فورسز کا یہ عزم ہے کہ ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اس مقصد کے لیے جب پوری قوم سکون کی نیند سوتی ہے تو ہمارے یہ بہادر جوان وطن کی سرحدوں پر اپنی جانوں کی نذرانے پیش کر رہے ہوتے ہیں ۔