پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان نے 264 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ہدف 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ابتدائی طور پر مضبوط آغاز کے باوجود میزبان ٹیم کے باؤلرز نے زبردست کم بیک کیا اور مہمان ٹیم کو 49 اوورز میں 263 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

جنوبی افریقا کی طرف سے اوپنرز کوئنٹن ڈی کوک اور لووان پریٹوریئس نے 98 رنز کی شراکت قائم کی۔ پریٹوریئس 57 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک 63 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان میتھیو بریٹزکی نے 42 رنز، کوربن بوش نے 41 رنز بنائے جبکہ سنتھمبا کشائل نے 22 اور ٹونی ڈی زورزی نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

مہمان ٹیم کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ ڈنوون فریرا 3، جارج لنڈے 2 اور لیزاڈ ولیمز صرف ایک رن بنا سکے جبکہ بورن فورچون بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم پہلے ون ڈے میں کتنے لیجنڈ کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں؟

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 55 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی پہلی بار ہوم سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنوبی افریقا کی جانب سے تین کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا، جبکہ نوجوان کھلاڑی ڈیوالڈ بریوس کندھے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی اس فتح کے ساتھ سیریز کا دوسرا میچ اب زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں گرین شرٹس کو سیریز جیتنے کا موقع حاصل ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *