امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون کے اسمارٹ ہوم برانڈ رِنگ نے ایک نیا اسمارٹ ڈور لاک پیش کیا ہے، جس کی خاص بات یہ ہے کہ بیٹری ختم ہونے کی صورت میں بھی ڈائل گھما کر عارضی طور پر بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور دروازہ کھولا جاسکتا ہے۔
رِنگ کے اس نئے اسمارٹ لاک میں سامنے کی جانب ایک بڑا مکینیکل ڈائل دیا گیا ہے۔ عام حالات میں یہ ڈائل لاک کے ڈیزائن کا حصہ دکھائی دیتا ہے، لیکن بیٹری مکمل طور پر ختم ہوجانے پر اسے گھما کر لاک کو عارضی طور پر فعال کیا جاسکتا ہے۔
یہ خصوصیت ان صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتی ہے جو بیٹری ختم ہونے کی وجہ سے دروازے کے باہر پھنس جانے کے خدشے سے پریشان رہتے ہیں۔
رِنگ اسمارٹ لاک میں دروازہ کھولنے کے لیے چار طریقے فراہم کیے گئے ہیں۔ صارف فنگر پرنٹ سینسر، کی پیڈ پر سکیورٹی کوڈ، اسمارٹ فون ایپ یا ایمیزون الیکسا کے ذریعے لاک کو کنٹرول کرسکتا ہے۔
اس طرح صارف اپنی سہولت اور ضرورت کے مطابق دروازے کو کھولنے یا لاک کرنے کا طریقہ منتخب کرسکتا ہے۔
فون قریب لانے سے نہیں کھلے گا لاک
نئے اسمارٹ لاک میں الٹرا وائیڈ بینڈ اور این ایف سی ٹیکنالوجی شامل نہیں کی گئی۔ اس لیے صرف اسمارٹ فون یا کارڈ نما ڈیوائس کو لاک کے قریب لانے سے دروازہ نہیں کھلے گا۔
تاہم اس میں سکیورٹی کوڈز کے انتظام کی سہولت موجود ہے۔ صارف مختلف افراد کے لیے الگ الگ کوڈ بنا سکتا ہے اور ان کے استعمال کا وقت بھی مقرر کرسکتا ہے۔
مثال کے طور پر گھر میں صفائی یا مرمت کے لیے آنے والے کسی ملازم کو محدود وقت کے لیے کوڈ دیا جاسکتا ہے، جو مقررہ مدت کے بعد کام نہیں کرے گا۔ اس طرح گھر کے مالک کو کسی دوسرے شخص کو مستقل رسائی دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رِنگ کی موبائل ایپ کے ذریعے صارف گھر سے باہر رہتے ہوئے بھی دروازے کے لاک ہونے کی صورت حال دیکھ سکتا ہے اور ضرورت کے مطابق اسے کنٹرول کرسکتا ہے۔
کمزور وائی فائی میں بھی کنکشن برقرار رکھنے کی کوشش
رِنگ اسمارٹ لاک میں ایمیزون کی سائیڈواک ٹیکنالوجی کی سہولت بھی شامل ہے۔ اگر گھر میں وائی فائی سگنل کمزور ہو تو یہ ٹیکنالوجی قریبی ایمیزون یا رِنگ ڈیوائسز کے ذریعے کنکشن برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس فیچر کا مقصد کمزور وائرلیس سگنل کی صورت میں بھی ڈیوائس کی کنیکٹیویٹی بہتر بنانا ہے۔
قیمت 249 ڈالر، 2027 میں امریکا میں دستیابی متوقع
کمپنی کے مطابق رِنگ اسمارٹ لاک کو امریکا میں 2027 کے اوائل میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ اس کی متوقع قیمت 249 ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ یہ سیاہ، سلور اور کانسی کے رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
اس اسمارٹ لاک کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا گھومنے والا ڈائل ہے، جو بیٹری ختم ہونے کی صورت میں ہنگامی طور پر بجلی پیدا کرکے دروازہ کھولنے میں مدد دے سکتا ہے۔ یوں ایمیزون نے روایتی مکینیکل طریقے کو جدید اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی ہے۔