آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر کی آخری فلم دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نانا پاٹیکر نے انتقال سے قبل اداکارہ انیت پڈا کے ساتھ ہارر فلم ’شکتی شالینی‘ کی شوٹنگ مکمل کرلی تھی ، انہوں نے مئی میں فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیا تھا، وہ اس فلم میں ایک ‘تانترک’ کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم دیومالائی کہانیوں اور لوک روایات پر مبنی ہے۔
تاہم میڈوک فلمز نے ان کے کردار کی تفصیلات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
شکتی شالینی میڈوک فلمز کی ہارر کامیڈی فلم ہے اسی فرنچائز نے ‘استری’، ‘بھیڑیا’، ‘منجیا’ اور ‘تھاما’ جیسی فلمیں پیش کی ہیں ، فلم کے پروڈیوسر دنیش وجن ہیں اور ہدایت کاری آدتیہ سرپوتدار نے کی ہے۔
فلم کی ریلیز کا اعلان سب سے پہلے ‘تھاما’ کے ساتھ کیا گیا تھا جس میں آیوشمان کھرانہ اور رشمیکا مندانا مرکزی کرداروں میں ہیں اور جو اکتوبر 2025 میں ریلیز ہوئی۔
باکس آفس ورلڈ وائیڈ کے مطابق انیت پڈا اس فلم میں ڈبل رول نبھا رہی ہیں ، ‘شکتی’ ایک عام خاتون ہے جو محافظ کا روپ دھار لیتی ہے،جبکہ ‘شالینی’ ایک انتقام لینے والی روح ہے جو دھوکہ دہی اور قتل کے بعد واپس لوٹتی ہے۔
وینیٹ کمار سنگھ فلم میں منفی کردار ادا کر رہے ہیں ، کاسٹ میں وشال جیٹھوا اور سیما بسواس بھی شامل ہیں جنہوں نے مئی میں نانا پاٹیکر کے ساتھ شوٹنگ میں حصہ لیا تھا۔
فلم کا آخری شیڈول 27 مئی کو ممبئی کے پووائی میں واقع ‘چتراورتھ اسٹوڈیو’ میں کلائمیکس منظر کے ساتھ مکمل ہوا تھا ، اب یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔