آئی سی سی نے پاکستانی فاسٹ بالر کو سزا سنا دی

آئی سی سی نے پاکستانی فاسٹ بالر کو سزا سنا دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ 2025 کے دوران ضابطہ اخلاق (کوڈ آف کنڈکٹ) کی خلاف ورزیوں پر کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سزائیں سنا دی ہیں۔ مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کو جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں، جبکہ پاکستانی فاسٹ بالر حارث رؤف کو دو ایک روزہ میچوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بالر حارث رؤف کو ایشیا کپ 2025 کے ایک میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر دو ون ڈے میچز سے معطل کر دیا گیا ہے۔ ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی ان کے ریکارڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ سزا حارث رؤف کے میدان میں غیر مناسب رویے کے باعث دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’’میرا کرکٹ کیریئر کس نے تباہ کیا‘‘؟ سابق بلے باز عمر اکمل بول پڑے

بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو پر بھی اسی نوعیت کی کارروائی کی گئی ہے۔ انہیں بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق سوریا کمار یادو نے بھی دورانِ میچ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان پر بھی معمولی نوعیت کی خلاف ورزی کے باعث ایک ڈی میرٹ پوائنٹ عائد کیا گیا ہے۔ تاہم ان پر کسی مالی جرمانے کا اطلاق نہیں کیا گیا۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ کھیل میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور اسپرٹ آف کرکٹ کے تحفظ کے لیے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم پہلے ون ڈے میں کتنے لیجنڈ کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں؟

Related Articles