پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات میں اس وقت کشمکش کی صورتحال ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔
حکومت پہلے اقدام کرسکتی تھی
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرکے میڈیکل بورڈ تشکیل دے سکتی تھی،شرمیلا فاروقی نے کہا کہ حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، لیکن بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ اس وقت بجلی، پیٹرول اور غربت جیسے اہم مسائل پر بات نہیں ہورہی بلکہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ زیر بحث ہے،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو کس چیز کی پریشانی یا خوف ہے، یہ حکومت خود ہی بتا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل
پیپلز پارٹی رہنما نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعظم کو فلور آف دی ہاؤسمخاطب کرنے کے معاملے پر بھی بات کی،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے اس معاملے کو بھی متنازع بنا دیا گیا، جبکہ ملک کو اس وقت اہم عوامی اور قومی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔