ٹریفک پولیس نے شہر میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے لیے حفاظتی قوانین مزید سخت کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ موٹر سائیکل پر اگلی یا پچھلی نشست پر بیٹھنے والے دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ لازمی ہوگا جبکہ گاڑی میں اگلی نشستوں پر موجود دونوں افراد کو سیٹ بیلٹ باندھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور الجھنوں کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے باقاعدہ پبلک میسیج جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار چاہے مرد ہو یا خاتون، ہیلمٹ پہننا ہر صورت ضروری ہے۔ اگر پچھلی نشست پر بیٹھا فرد ہیلمٹ نہ پہنے تو اس کا چالان موٹر سائیکل کے مالک کو بھیجا جائے گا۔ ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ 5 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح، گاڑیوں کے لیے بھی سختی بڑھا دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی میں ڈرائیور اور آگے والی نشست پر بیٹھا ہوا شخص دونوں سیٹ بیلٹ باندھنے کے پابند ہوں گے۔ ڈرائیور کے برابر بیٹھے شخص نے اگر سیٹ بیلٹ نہ باندھی تو چالان گاڑی کے مالک کے نام پر ہی جاری ہوگا۔ سیٹ بیلٹ نہ لگانے کا جرمانہ 10 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک حادثات کی شرح میں اضافے اور شہریوں کی عدم توجہی کے باعث ان قوانین پر سختی ناگزیر ہوچکی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان کو محفوظ بنا سکیں۔
حکام نے مزید کہا کہ مستقبل میں ان قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور شہر بھر میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی جارہی ہیں، جو کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کریں گی۔