خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ دلخراش واقعہ نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے ڈاگ جدید میں پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے کے باعث اندر موجود 8 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ افسوسناک واقعے میں گھر کے پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے مسلسل تین گھنٹے کے آپریشن کے بعد جاں بحق اور زخمی افراد کو ملبے سے نکالا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 36 سالہ رضوان، 9 سالہ ولیدہ، 6 سالہ آیان، 5 سالہ حفصہ اور 4 سالہ دعا شامل ہیں۔ زخمی افراد میں 22 سالہ رابعہ، 17 سالہ آمنہ اور 2 سالہ رایان شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر آپریشنز ریسکیو خیبرپختونخوا ڈاکٹر میر عالم خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوشہرہ ملک اشفاق حسین بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔