پاکستان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

پاکستان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ 18 نومبر کو ان کی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی، جس میں خطے کے حالات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران ان کی تاجکستان کے وزیراعظم اور ازبکستان کے وزیراعظم کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کے امور پر گفتگو ہوئی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو دو ٹوک مؤقف سے آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے افغان حکام سے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کو افغانستان میں سرگرم رہنے کی اجازت نہ دی جائے اور یا تو انہیں وہاں سے کہیں اور منتقل کیا جائے یا پھر پاکستان کے حوالے کر دیا جائے تاکہ دہشتگردی کے خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام پورے خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے اور کسی بھی قسم کا عدم استحکام خطے کے ممالک کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ پائیدار علاقائی استحکام کے لیے افغانستان کی صورت حال کا بہتر ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو میں ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان کی معاشی ترجیحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ ملک کے معاشی روابط اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون سے متعلق پاکستان کا واضح مؤقف پیش کیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس بارہ دن انتہائی مصروف گزرے جن میں مختلف ممالک کے دورے اور اہم اجلاسوں میں شرکت شامل رہی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حالیہ مدت میں ماسکو، بحرین اور برسلز کے دورے کیے جہاں مختلف نوعیت کی مصروفیات اور ملاقاتیں انجام دیں۔

نائب وزیراعظم کے مطابق ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ میں انہوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ سمٹ کے دوران افغانستان میں امن، استحکام اور معاشی بحالی سے متعلق پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے کی سلامتی اور ترقی افغانستان کی صورتحال سے جڑی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں دہشتگردوں کی دراندازی میں طالبان حکومت بڑی سہولت کار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ ماسکو میں منعقد ہونے والے ایس سی او اجلاس میں شریک ممالک کے وفود کے سربراہان نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات بھی کی، جس میں علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور مشترکہ اہداف سے متعلق گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے اقتصادی استحکام، توانائی کے تبادلے اور تجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور حالیہ دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

Related Articles