بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں ایک اور شکست، پنجاب پولیس کی ’ارم خانم‘ نے بڑا مقابلہ جیت لیا

بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں ایک اور شکست، پنجاب پولیس کی ’ارم خانم‘ نے بڑا مقابلہ جیت لیا

راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ’ارم خانم‘ نے سری لنکا میں منعقدہ ’ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025‘ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو گولڈ میڈل اپنے نام کر لیے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے بہترین قوت، مہارت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، جس پر ملک بھر میں انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ارم خانم نے ’ڈیڈ لفٹ‘ کے مقابلوں میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی، جہاں انہوں نے بھارتی پاور لفٹر کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر نمایاں کامیابی سمیٹی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فتح نہ صرف کھیل کے میدان میں پاکستان کی برتری کو ظاہر کرتی ہے بلکہ خواتین کھلاڑیوں کی قابلیت اور محنت کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی بھارت کو عبرتناک شکست

ارم خانم کی اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں ’آر پی او شیخوپورہ رینج‘ کے دفتر میں ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اعلیٰ افسران، پولیس اہلکاروں اور کھیل سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شیخوپورہ رینج ’اطہر اسماعیل‘ نے ارم خانم کو محکمہ پولیس کی جانب سے ’تعریفی سرٹیفکیٹ‘ اور خصوصی انعام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ارم خانم نے عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر کے پنجاب پولیس کی عزت میں اضافہ کیا ہے، ان کی یہ کامیابی پوری فورس کے لیے باعثِ فخر ہے‘۔

اسی طرح سی پی او ’خالد حمدانی‘ نے بھی انسپکٹر ارم خانم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ارم خانم پنجاب پولیس کا روشن ستارہ ہیں، ان کی کامیابی نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان کی خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتیں منوا سکتی ہیں‘۔

مزید پڑھیں:پاکستان ہمارے اربوں ڈالر کے جہاز تباہ کرتا رہا، ہم پاکستان کی خالی سڑکوں پر بم پھوڑتے رہے، بھارتی یو ٹیوبر خان سرکا پاکستان سے شکست کا اعتراف

واضح رہے کہ ’ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025‘ کا انعقاد سری لنکا کے دارالحکومت میں ہوا، جہاں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی شریک ہوئے۔ ارم خانم کی جیت نے پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز کا اضافہ کر دیا ہے۔

Related Articles